Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی پر یورپی یونین کو پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لینے کیلیے خط لکھنے کا الزام

کوئی خط لکھا گیا اور نہ ہی خط لکھنے کا کوئی ارادہ ہے، ترجمان پی ٹی آئی
شائع 13 مارچ 2024 07:40pm

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ خان تارڑ کا کہنا ہے تحریک انصاف کی جانب سے یورپی یونین کو کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لیا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ کچھ سیاسی عناصر اپنے مقاصد کے لیے معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان کی کوشش رہی ہے کہ آئی ایم ایف کا پاکستان کے ساتھ معاہدہ نہ ہو، ان کی کوشش رہی کہ ملک دیوالیہ ہو جائے لیکن شہبازشریف کے اقدامات سے ایسا نہیں ہوا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو قومی مفاد نظر نہیں آتا نہ ان کو معیشت کی بحالی کی پرواہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر گھناؤنی سازش کی، پی ٹی آئی کی طرف سے یورپی یونین کو کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لیا جائے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس کے جواب میں پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے یورپی یونین کو نہ ہی کوئی خط لکھا اور نہ ہی خط لکھنے کا ارادہ ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس جھوٹ، لغویات اور الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں، زبردستی ملک پر قابض ہونے والے دوسروں کو حب الوطنی کا درس دے رہے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف مقبول ترین جماعت ہے جو وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندگی کرتی ہے، یورپی یونین کو کوئی خط لکھا گیا اور نہ ہی خط لکھنے کا کوئی ارادہ ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی کے لیے کاوشیں سب کے سامنے ہیں، اسحاق ڈار کی نااہلی آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل میں تاخیر کا سبب بنی اور بانی پی ٹی آئی کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے دوسری قسط جاری کی گئی۔

pti

European Union

Attaullah Tarar

GSP Plus status