Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

صدر مملکت آصف زرداری کے اعزاز میں گارڈ آف آنر

آصف زرداری روایتی انداز میں صدارتی بگھی میں سوار ہو کر ایوان صدر پہنچے
اپ ڈیٹ 11 مارچ 2024 01:52pm

صدرارت کا منصب سنبھالنے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں پاکستان کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

آصف زرداری کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی، گارڈ آف آنر کی تقریب میں صدر مملکت کے اعزاز میں ترانہ بجایا گیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو تقریب میں شریک ہوئے۔

آصف زرداری روایتی انداز میں صدارتی بگھی میں سوار ہو کر ایوان صدر پہنچے جہاں مسلح افواج کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

صدر مملکت کی جانب سے اپنی بیٹی کو خاتون اول بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آصف علی زرداری نے صدرِ پاکستان کا حلف اٹھایا تھا، ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والی تقریبِ حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آصف علی زرداری سے صدرِ مملکت کے عہدے کا حلف لیا تھا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری تقریب میں شریک ہوئے تھے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوئے تھے۔

آصف علی زرداری واحد سویلین ہیں جو دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں، انہوں نے 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے، ان کے مدِ مقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 180 الیکٹورل ووٹ ملے تھے۔

مزید پڑھیں

صدر زرداری اپنی بیٹی آصفہ بھٹو کو خاتون اول کا درجہ دیں گے

پیپلز پارٹی کا لاہور میں صدارتی گیسٹ ہاؤس بنانے کا فیصلہ

Asif Ali Zardari

اسلام آباد

Asif Zardari

President House

gaurd of honour

President Asif Ali Zardari