Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

9 مئی واقعات: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی

اس سے قبل عدالت نے درخواستِ ضمانت پر سماعت 11 بجے مقرر کی تھی
شائع 11 مارچ 2024 03:41pm

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 9 مئی کے واقعات پر قائم 6 کیسز جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ جعلی رسیدوں کے کیسز کی سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیلِ صفائی خالد یوسف نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر لاہور سے آ رہے ہیں، آج ضمانت کی درخواستوں پر دلائل دیں، عدالت سے استدعا ہے کہ کچھ وقت دیا جائے۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی درخواستِ ضمانت پر سماعت 11 بجے مقرر کر دی۔

بعدازاں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر اور سردار مصروف عدالت میں پیش ہوئے۔

اڈیالہ جیل حکام نے وڈیو لنک پر بانی پی ٹی آئی کی حاضری نہ لگوائے جانے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروائی، جیل حکام نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے مسئلہ کی وجہ سے ویڈیو لنک پر حاضری نہیں لگوائی جا سکتی۔

عدالت نے کہا کہ کل عدالتی سٹاف بھجوا کر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی حاضری لگوائی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کی حاضری کیلئے اڈیالہ جیل جبکہ بشریٰ بی بی کی حاضری کے لیے عدالتی عملہ بنی گالہ جائے گا۔

جج طاہر عباس سپرا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں کل سنی جائیں گی۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر کل صبح 11 بجے کا وقت مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول، رمنا، سیکرٹریٹ، کوہسار اور تھانہ کراچی کمپنی میں 6 مقدمات درج ہیں جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔

pti

اسلام آباد

imran khan

bushra bibi

district and session court

9 May Cases