عمران خان کا علاج جیل میں ہوگا یا اسپتال میں، فیصلہ علیمہ خان پر چھوڑ دیا گیا
عدالت کے حکم پر اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے دانتوں کا معائنہ کیا گیا، جس کے بعد بتایا گیا کہ علیمہ خان فیصلہ کریں گی کہ عمران خنا کا علاج جیل میں ہوگا یا اسپتال میں۔
عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے دانتوں میں تکلیف کے باعث نیب عدالت سے میڈیکل چک اپ کے لیے اجازت لی تھی، جس پر بانی پی ٹی آئی کی ذاتی معالجہ ڈاکٹر ثمینہ نیازی نے جیل میں معائنہ کیا۔
خالد یوسف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کا معائنہ عدالتی احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے صحت کے متعلق بات کرنے کا اختیار اپنی ہمشیرہ علیمہ خان کو دیا ہے، ذاتی معالجہ معائنے کی رپورٹ علیمہ خان کو پیش کریں گی۔
وکیل خالد یوسف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں علاج کرائیں گے یا کسی دوسرے اسپتال منتقل ہوں گے اس کا فیصلہ بھی علیمہ خان کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں جیل سپرنٹنڈنٹ نے بڑی عزت کے ساتھ جیل میں جانے دیا، ذاتی ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی کے پاس گئیں جہاں سرکاری ڈاکٹرز بھی موجود تھے، ابھی ابتدائی چیک اپ ہوا ہے، تفصیلی مؤقف علیمہ خان دیں گی، ظاہری طور پر بانی پی ٹی آئی کی صحت بہتر ہے۔
Comments are closed on this story.