Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

صدارتی انتخاب کے لیے سنی اتحاد کونسل کے سیاسی جوڑ توڑ میں تیزی

محمود خان اچکزئی کے بھتیجے ایاز اچکزئی صدارتی انتخابات کے سلسلے میں پنجاب اسمبلی پہنچ گئے
شائع 07 مارچ 2024 07:42pm

سنی اتحاد کونسل نے صدارتی انتخاب کے لیے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کے بھتیجے ایاز اچکزئی صدارتی انتخابات کے سلسلے میں پنجاب اسمبلی پہنچے ہیں۔

ایاز خان اچکزئی کی سنی اتحاد کونسل کے رہنما رانا آفتاب، ملک احمد خان بھچرسے ملاقات ہوئی ہے، جس میں صدارتی انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا ہے۔

جبکہ صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کی ٹیلی فون سے رانا آفتاب اورملک احمد خان بھچر سے بات چیت بھی ہوئی ہے، ایاز خان اچکزئی نے پولنگ ایجنٹ کے فارم سنی اتحاد کونسل کے رہنماوں کے سپرد کردیے۔

اس موقع پر رانا افتاب کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کے تمام ارکان محمود خان اچکزئی کو ووٹ دیں گے، جبکہ احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ حکومتی امیدوار کے ووٹر فارم 47 والے ہیں، اس موقع پرعبداللہ اچکزئی بھی موجود تھے۔

قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں صدارتی انتخابات کے حوالے سے ووٹنگ 9 مارچ کو ہونے جا رہی ہے۔

واضح رہے صدارتی انتخابات کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے ممبران کی جانب سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی کی حمایت کی جا رہی ہے۔

پاکستان

presidential election

Mehmood Khan Achakzai