Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستانی باکسر اٹلی میں سلپ ہوگیا، خاتون کی رقم بھی چرا لی

زوہیب ہوٹل سے نکلنے سے پہلے اپنا پاسپورٹ اپنے ساتھ لے گئے، ان کے پاس ایک ماہ کا شینگن ویزا ہے۔
شائع 04 مارچ 2024 06:27pm

ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے زوہیب رشید کے اٹلی میں لاپتہ ہونے کے بعد پاکستان کو بڑا دھچکا لگا ہے، جو میلان کے نواح میں بسٹو آرزیو ایرینا میں پیرس اولمپکس باکسنگ کے ورلڈ کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی کر رہا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زوہیب ہفتے کو ٹیم ہوٹل سے لاپتہ ہو گئے تھے۔ کوچ ارشد حسین منیجرز میٹنگ اور قرعہ اندازی کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ تاہم، رات 9 بجے (مقامی وقت) کے قریب واپس آنے پر زوہیب کا پتہ نہیں چل سکا۔ باکسر نے ہوٹل کے کمرے میں کچھ سامان چھوڑ دیا جبکہ کچھ سامان بھی ساتھ لے گئے۔

سیکرٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن کرنل ناصر تنگ نے زوہیب رشید کی جانب سے ساتھی خاتون باکسر کے بیگ سے پاؤنڈ چوری کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون باکسر ٹریننگ کیلئے باہر گئیں تو زوہیب رشید نے ہوٹل کے استقبالیے سے کمرے کی چابی لی اور بیگ سے پاؤنڈ لیکر فرار ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان سے گئے ساتھی باکسر ٹریننگ کے لیے گئے جبکہ زوہیب نے انہیں بتایا کہ وہ اوپر ٹریننگ کریں گے کیونکہ نیچے بہت سردی تھی۔ اس کے بعد وہ اپنے ساتھیوں سے نہیں ملے۔

زوہیب ہوٹل سے نکلنے سے پہلے اپنا پاسپورٹ اپنے ساتھ لے گیا، اس کے پاس ایک ماہ کا شینگن ویزا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ہیڈ کوچ نے قریبی تھانے میں رپورٹ درج کرائی اور پولیس کو کھلاڑی کی تفصیلات اور تصویر فراہم کی گئی۔

زوہیب کی فائٹ اتوار کو باکسنگ ریفیوجی ٹیم کے امید احمد صاف کے خلاف ہونی تھی۔

انہیں پاکستان کی بڑی امید تصور کیا جاتا تھا اور وہ پیرس اولمپکس میں جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

boxer

Zohaib Rasheed

Pakistani Boxer Slipped in Italy

Paris Olympic Boxing