Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اننت امبانی کی ہائی پروفائل شادی کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا

دنیا بھر سے اعلیٰ ترین شخصیات مدعو، امریکی گلوکارہ ریانہ کی پرفارمنس 90 لاکھ ڈالر کی ہوگی۔
شائع 01 مارچ 2024 01:34pm

بھارت سمیت جنوبی ایشیا کے بیشتر میڈیا آؤٹ لیٹس میں دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کے حوالے سے خبروں کی بھرمار ہے۔ اس شادی پر خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے۔

اننت امبانی کی شادی کی مرکزی تقریب میں 500 ڈشیں پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ دنیا بھر سے 100 شیفس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اننت امبانی کی شادی کی تین روزہ تقریبات کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔

دنیا بھر سے متعدد شعبوں کی نمایاں ترین شخصیات اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت آرہی ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ریانہ کو بھی مدعو کیا گیا ہے جو اپنی پرفارمنس کے لیے 80 تا 90 لاکھ ڈالر (کم و بیش 74 کروڑ بھارتی روپے) وصول کریں گی۔ مہمانوں میں سوئیڈن کے سابق وزیر اعظم کارل بلٹ، سابق امریکی صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا نمایاں ہیں۔

بالی وڈ سے امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور سلمان خان جبکہ کھیلوں کی دنیا سے سچن تینڈولکر اور مہیندر سنگھ دھونی نمایاں ہیں۔ ٹیکنالوجی کی دنیا سے شریک ہونے والوں میں مارک زکر برگ اور بل گیٹس بھی شامل ہیں۔

دنیا بھر سے نمایاں ترین شخصیات کو شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے لانے کی خاطر درجنوں چارٹرڈ فلائٹس کا اہتمام کیا گیا ہے۔

فوربز کے مطابق ریلائنس گروپ کے چیئرمین مکیش امبانی کے پاس کم و بیش 114 ارب ڈالر کے اثاثے ہیں۔ درجنوں شعبوں میں اس کاروباری گروپ نے سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

مکیش امبانی کے آبائی شہر جام نگر میں شادی کی رسوم اور معروف فنکاروں کی پرفارمنس کے لیے خصوصی مندر تعمیر کیا گیا ہے۔ جام نگر میں تین دن کے لیے 50 ہزار افراد کو کھانا بھی کھلایا جارہا ہے۔

اننت امبانی نے 18 ماہ میں اپنے وزن میں 108 کلو گرام کی کمی کی تھی تاہم وزن زیادہ کم ہو جانے کے باعث انہیں دوبارہ وزن بڑھانا پڑا۔

اپنی والدہ نیتا امبنی کی طرح اننت بھی ڈائٹ کے معاملے میں بہت اصول پسند ہیں اور غیر لچک دار معمول پر عمل پیرا ہیں۔ ایک بڑے کاروباری گھرانے کا فرد ہونے کے ناطے جب انہوں نے خوراک اور ورزش کے معمول کو سختی سے اپناکر اپنے وزن میں ڈیڑھ سال کے دوران 108 کلو گرام کی کمی تو وہ دنیا بھر میں کروڑوں نوجوانوں کے لیے فٹنس کے حوالے سے تحریک کا ذریعہ بن گئے۔

شادی کی مرکزی تقریب جام نگر میں ہوگی جس میں 1200 افراد شریک ہوں گے۔ مہمانوں کو جانوروں کے لیے قائم ایک خصوصی مرکز کی سیر بھی کرائی جائے گی۔ جنگل ڈریس کوڈ بھی شادی کی تقریبات کا حصہ ہے۔

2018 میں مکیش امبانی کی بیٹی ایشا کی شادی پر کم و بیش ساڑھے دس کروڑ ڈالر خرچ ہوئے تھے۔ اس بار اخراجات کا تخمینہ اس سے کہیں زیادہ ہے۔

Celebrities

Mukesh Ambani

Anant Ambani

JAM NAGAR

HI TECH BIGWIGS

BOLLYWOOD HEAVY WEIGHTS