Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سوانحی خاکہ: وکلا تحریک علی امین گنڈاپور کو عمران خان کے قریب لائی

والد کی مشرف کابینہ میں شمولیت نے سیاست میں آنے کی راہ دکھائی
شائع 01 مارچ 2024 12:21pm
فوٹو سوشل میڈیا۔
فوٹو سوشل میڈیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ منتخب ہونے والے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پورکا تعلق خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔ پارٹی سے انتخابی نشان چھن جانے کے بعد علی امین نے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لیا تھا۔

گنڈا پور آزاد حیثیت میں ہی وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی حمایت یافتہ بیشتر امیدواروں کے برعکس انہوں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ سال 1978 میں خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے تحصیل کلاچی کے بااثر زمیندار گھرانے میں پیدا ہوئے والے علی امین زمانہ طالبعلمی سے آزاد طبیعت کے مالک ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں زیر تعلیم رہنے کے بعد انہوں نے لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے فیشن ڈیزائننگ اور ٹیکسٹائل ڈیزائننگ میں 2 سالہ ڈپلومہ لیا اور پھر گومل یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری لی۔

علی امین گنڈا پور2008 انتخابات سے پہلے عدلیہ کے آزادی کیلئے احتجاجی مظاہروں کے دوران عمران خان کے خاصے قریب آگئے۔

مشرف دور گنڈا پور خاندان کے لیے اہم ثابت ہوا۔
علی امین کے والد (مرحوم ) امین اللہ گنڈاپور جنرل پرویز مشرف کے دور میں خیبرپختونخوا کے نگران وزیر رہے۔

اس وقت وہ پاکستان مسلم لیگ سے وابستہ تھے۔ امین اللہ گنڈا پور مشرف دور میں مختصر وقت کیلئے خیبر پختونخوا کابینہ کا حصہ بھی رہے۔

یہی وہ وقت تھا جب علی امین گنڈا پور کی سیاست میں دلچسپی شروع ہوئی اور وہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔

2007 اور 2008 میں وکلا تحریک علی امین گنڈاپور کو عمران خان کے قریب لے آئی۔

2013 کے عام انتخابات سے انہوں نے عملی سیاست میں قدم رکھا اور صوبائی نشست پر کامیابی کے بعد خیبرپختونخوا کے وزیر مال بن گئے۔

سال 2018 کے عام انتخابات میں علی امین گنڈاپور نے جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو شکست دی اور این اے 38 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

2018 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ عمران خان کی حکومت میں وزیر امور کشمیر اورگلگت بلتستان رہے اور اس دوران گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے امور پر کام کیا-

2022 سے 2023 تک پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری رہنے والے علی امین گنڈا پور نےپارٹی کو مشکل ترین حالات میں منظم کیا اور 2024 کے انتخابات میں خیبر پختونخوا کی سطح پر حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

سال 2024 کے عام انتخابات میں علی امین گنڈا پور این اے 44 اور پی کے 113 کی دو نشستیں جیت گئے، انہوں نے این اے 44 پر ایک بار پھر مولانا فضل الرحمان کو شکست دی۔

ان کے ایک بھائی فیصل امین گنڈاپورصوبائی وزیر بلدیات رہے ہیں،دوسرے بھائی عمر امین اس وقت تحصیل میئر ہیں۔

علی امین گنڈ ا پور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر بھی رہے۔

Ali Amin Gandapur