Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور بھر میں 2 مارچ کو چھٹی کا اعلان

صوبائی دفاتر میں اس چھٹی کا اطلاق نہیں ہوگا
شائع 29 فروری 2024 08:23pm

سالانہ عرس شاہ حسین المعروف میلہ چراغاں پر چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے، دو مارچ کو ضلع لاہور میں مقامی تعطیل ہوگی، مادھو لال حسین کے عرس کے موقع پر دی گئی ہے۔

میلہ چراغاں یا میلہ شالامار دراصل پنجابی صوفی شاعر مادھو لال حسین یا شاہ حسین کے عرس کی تین روزہ تقاریب کا نام ہے۔ یہ تقاریب شاہ حسین کے مزار، جو لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں واقع کے قریبی علاقوں میں منعقد ہوتی ہیں۔

شاہ حسین کا میلہ چراغاں یا عرس پنجاب میں ثقافت کے اعتبار سے سب سے بڑی تقریب سمجھا جاتا ہے۔

کچھ کتب کے مطابق شاہ حسین المعروف مادھو لال حسین ایک صوفی اور پنجابی شاعر تھے جو فقیرِ لاہور سے معروف ہیں۔ شاہ حسین لاہوری 945ھ میں ٹکسالی دروازے لاہور میں پیدا ہوئے۔

آپ کے والد گرامی کا نام شیخ عثمان تھا جو کہ کپڑا بننے کا کام کرتے تھے۔ آپ کے دادا کا نام کلجس رائے ہندو تھا۔ جو کہ فیروز شاہ تغلق کے دور میں دائرہ اسلام میں داخل ہوئے تھے لیکن والد حلقہ بگوش اسلام ہوئے۔

لاہور میں برس ہا برس تک درو یشانہ رقص و سرود کی محفلیں آباد کرنے کے بعد یہ درویش 1599ء میں اللہ کو پیارا ہوگئے۔

ان کی قبر اور مزار لاہور کے شالیمار باغ کے قریب باغبانپورہ میں واقع ہے۔ ہر سال میلہ چراغاں کے موقع پر ان کا عرس منایا جاتا ہے۔

اس حوالے سے پنجاب حکومت نے 2 مارچ بروز ہفتہ ڈسٹرکٹ لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، صوبائی دفاتر میں اس چھٹی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

چھٹی کا نوٹی فکیشن چیف سیکرٹری پنجاب کی منظوری سے سیکشن آفسر صفدر شبیر نے جاری کیا۔

lahore

holiday

Madhav Lal Hussain Urs