Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ نے عطاء الحق قاسمی کیس کا فیصلہ آئندہ سماعت تک معطل کردیا

عدالت نے وفاقی حکومت اور پی ٹی وی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی
شائع 29 فروری 2024 01:37pm

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت اور پی ٹی وی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی کیس کا فیصلہ آئندہ سماعت تک معطل کر دیا اور سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی کی تعیناتی کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواستوں پر سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے عطا الحق قاسمی کیس کا فیصلہ آئندہ سماعت تک معطل کر دیا

عدالت نے وفاقی حکومت اور پی ٹی وی کو نوٹس جاری کردیا

سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ فیصلے پر کس حد تک نظرثانی چاہتے ہیں، جس پر وکیل اسحاق ڈار اور پرویز رشید نے کہا کہ فیصلے میں جرمانہ کیا گیا وہ ختم کرانا چاہتے ہیں لیکن وکیل عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ میرے مؤکل پورے فیصلے پر نظرثانی چاہتے ہیں۔

وکیل عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایم ڈی پی ٹی وی کیس میں آرٹیکل 184/ 3 کا غلط استعمال کیا ہے۔

سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے کہا کہ میں اپنا کیس خود لڑوں گا، مجھے عدالتی فیصلہ میں تعیناتی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔

جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں فریقین کو نوٹس ہوا ہے؟ جس پر اسحاق ڈار کے وکیل نے کہا کہ نظر ثانی میں ابھی نوٹس نہیں ہوا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ پی ٹی وی کی طرف سے کوئی آیا ہے، جس پر پی ٹی وی کے وکیل عدالت میں موجود تھے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا کہ آپ کو پی ٹی وی کی طرف سے کیا ہدایات ہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ پی ٹی وی کی طرف سے کوئی خاص ہدایت نہیں ہے۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کس قسم کی ہدایت ہے؟ جس پر وکیل پی ٹی وی نے کہا کہ میں ہدایات لے لیتا ہوں جبکہ وکیل اسحاق ڈار نے بتایا کہ فیصلے کو آئندہ تاریخ تک معطل کردیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے واجبات جمع کرا دیے ہیں؟ جس پر وکیل اسحاق ڈار نے کہا کہ نہیں ابھی تک واجبات جمع نہیں کرائے ہیں۔

چیف جسٹس نے دوبارہ استفسار کیا کہ پھر فیصلہ کیوں معطل کرانا چاہتے ہیں، جس پر وکیل اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر واجبات کی وصولی کے لیے ہمارے اوپر چڑھا ہوا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے برہمی کا اظہار کیا کہ پھر آئندہ تاریخ تک فیصلہ معطل کریں گے۔

جس پر عدالت نے کارروائی مکمل کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور پی ٹی وی کو نوٹس جاری کیے اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔

Supreme Court

اسلام آباد

Justice Qazi Faez Isa

PTV

md ptv

Chief Justice Qazi Faez Isa

ata ul haq qasmi