Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں ادویات مفت، مریم نے منصوبہ طلب کرلیا

مفت ادویات عوام کا حق ہے، میڈیسن دینے کا عہد پورے کریں گے،مریم نواز
اپ ڈیٹ 29 فروری 2024 12:38am
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مفت ادویات عوام کا حق ہے، میڈیسن دینے کا عہد پورے کریں گے۔ مریم نواز نے اہم اجلاس میں پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی میں فری میڈیسن کی فراہمی کا پلان طلب کیا جب کہ میڈیسن کی ہوم ڈیلیوری یکم مئی سے شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اچانک میو اسپتال ایمرجنسی بلاک پہنچیں اور اہم ہدایات جاری کیں۔

لاہور میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ جس میں تمام بی ایچ یو اور رورل ہیلتھ سینٹرز کی حالت زار مرحلہ وار بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پتھالوجی لیب سسٹم میں بہتری کے لئے تجاویز طلب کیں۔ مریم نواز نے پنجاب بھر میں پتھالوجی لیب کا معیار بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے پلان طلب کیا۔ اجلاس میں سرکاری اسپتالوں کے لئے سنٹرل پتھالوجی لیب بنانے کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس میں 3 اضلاع میں میڈیکل سٹی بنانے کے لئے سفارشات اور تجاویز طلب کی گئیں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں خالی، متروک اور بند اسپتالوں کی عمارتوں کی فہرست طلب کرلی۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ پسماندہ اور دور دراز شہروں کے لوگوں کا بھی طبی سہولتوں پر پورا حق ہے، عوام کو طبی سہولتیں دینا کوئی احسان نہیں، احسان کرنے والا رویہ بدلنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کو ری ڈیزائین کرکے جلد فنکشنل کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے بڑے اسپتالوں کی ری ویمپنگ جون تک مکمل کر لی جائے گی۔

اجلاس میں سابق سینیٹر پرویزرشید، مریم اورنگزیب، خواجہ سلیمان رفیق، عظمیٰ بخاری، بلال کیانی، خواجہ عمران نذیر اور ثانیہ عاشق نے بھی شرکت کی۔

اس کے علاوہ چیف سیکرٹری، سیکرٹریز، صحت، فنانس، پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی، پی ڈی ہیپاٹائٹس، ڈی جی ہیلتھ سروسز اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز اچانک میو اسپتال ایمرجنسی بلاک پہنچ گئیں

وزیراعلیٰ نے میو اسپتال ایمرجنسی میں 50 وہیل چیئر اور اسٹریچر مہیا کرنے کی ہدایت کی۔

بزرگ شہری کے توجہ دلانے پر وزیراعلیٰ نے نماز کیلئے جگہ مخصوص کرنے کی ہدایت بھی کی۔

مریضوں کی شکایت پر مریم نواز نے چیسٹ ٹیوب فوری طور پر مہیا کرنے کا بھی حکم دیا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے لوگوں کو روکنے پر سکیورٹی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام میں سے ہوں، عوام کو مجھے سے دور نہ کریں، اب شہریوں کو روکا تو سکیورٹی کو باہر نکال دوں گی۔

وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی کے استقبالیہ کاؤنٹر پر داخلہ پرچی کے اجراء کا مشاہدہ کیا، جب کہ آئی سی یو کے مریضوں کی بھی عیادت کی۔

راہداری سے گزرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریدکے سے آئے روحان کو دیکھ کر رک گئیں، 9 سالہ روحان کی جھولے سے گر کربازو کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔ بچے کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ تو بہادر بچے ہیں، جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز ویٹنگ روم میں 2 پریشان خواتین کو دیکھ کر رک گئیں۔ مریم نواز نے اسپتال انتظامیہ کو ان کے بیمار والد کی بہترین کیئر کا حکم دیا۔

صحت

punjab

healthy lifestyle

CM Punjab Maryam Nawaz