Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مریم نواز نے وزیراعلیٰ ہاؤس سنبھالتے ہی مہنگائی کیخلاف اعلان جنگ کردیا

خواتین، بچوں، اقلیتوں پر تشدد، ریپ، ہماری حکومت کی ریڈ لائن ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب
اپ ڈیٹ 26 فروری 2024 08:24pm

پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ مریم نواز حلف اٹھانے کے بعد وزیر اعلیٰ آفس پہنچ گئیں۔ امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ خلاف قانون کوئی رویہ برداشت نہیں کروں گی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی مریم نواز نے مہنگائی سے ریلیف کے لئے اقدامات کا اعلان بھی کردیا۔

مریم نواز کو وزیر اعلیٰ آفس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

پنجاب پولیس کے دستے نے وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی۔

مریم نواز ، عہدے کا چارج سنبھالتے ایوان وزیر اعلی پہنچیں اور کام شروع کر دیا۔

مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان پر اجلاس منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

آئی جی پنجاب نے صوبے میں امن و امان اور پولیس کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیراعلی مریم نواز نے ٹیکسلا میں بزرگ خاتون کو تھپڑ مارنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا۔

مریم نواز نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والا ہی قانون توڑے گا تو قانون کی کون عزت کرے گا، خلاف قانون کوئی رویہ برداشت نہیں کروں گی۔

انھوں نے کہا کہ امن وامان لازم ہے لیکن شہریوں کو توہین سے بچانا بھی ضروری ہے، قانون کے احترام کے ساتھ انسان اور شہری کا احترام یقینی بنائیں۔

حکومت کی ریڈ لائن

ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی اور تربیت سے پولیس کو عوامی خدمت فورس بنائیں گے، خواتین، بچوں، اقلیتوں پر تشدد، ریپ، ہماری حکومت کی ریڈ لائن ہے، رشوت خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس اور میرٹ میری پالیسی ہے، میرٹ پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ایف آئی آر کا فوری اندراج، ڈیجیٹل نظام کا استعمال مزید بہتر بنائیں گے، پراسیکیوشن کے نظام کی خامیاں دور کریں گے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے محفوظ پنجاب سے متعلق اپنے وژن کی روشنی میں پالیسی ہدایات جاری کیں۔

مہنگائی سے ریلیف کیلئے اقدامات کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی سے ریلیف کے لئے اقدامات کا اعلان کردیا ہے۔

مریم نواز نے پرائس کنٹرول کے لئے پائیدار اقدامات کا حکم دیتے ہوئے فوری پلان طلب کرلیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے 5 روز میں پرائس کنٹرول کے لئے باقاعدہ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

مریم نواز شریف نے ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول کے لئے باقاعدہ قانونی میکنزم موجود نہیں، عارضی اقدامات کافی نہیں، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں اولین ہے۔

انھوں نے کہا کہ گراں فروشی کے خاتمے کے لئے پائیدار سسٹم وضح کیا جائے، پھلوں ، سبزیوں اور دیگر اشیا خورو نوش کے نرخ کنٹرول کئے جائیں۔ گراں فروشی کا ارتکاب کرنے والوں کے سزا یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں پرویز رشید، مریم اورنگزیب ، عظمی بخاری، بلال کیانی، افضل کھوکھر، ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری ، آئی جی، اور دیگر شریک ہوئے۔

Speaker Punjab Assembly

Ali Amin Gandapur

Syed Murad Ali Shah

CM Punjab Maryam Nawaz