Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیر اعلیٰ کا انتخاب، خیبرپختونخو اسمبلی اجلاس طلب، پارٹی پوزیشن کیا ہے؟

خیبرپختونخوا اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نومنتخب ممبران حلف اٹھائیں گے
اپ ڈیٹ 24 فروری 2024 11:40pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ خیبر پختونخوا اسمبلی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ خیبر پختونخوا اسمبلی

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 28 فروری صبح 11 بجے طلب کرلیا گیا جس میں نومنتخب ممبران حلف اٹھائیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے سمری پر دستخط کردیے۔ صوبائی اسمبلی اجلاس 28 فروری صبح 11 بجے خیبرپختونخوا اسمبلی کی عمارت میں منعقد ہوگا۔

اسمبلی اجلاس کے پہلے دن ممبران سے حلف لیا جائے گا۔ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیر اعلیٰ کا بھی انتخابات کیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کی پارٹی پوزیشن

الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بعد مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہ ہوسکا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شامل ہونے کے بعد سنی اتحاد کونسل 87 سیٹوں کیساتھ پہلے نمبر پر ہے۔

جمعیت علماء اسلام (ف) 9 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن 9 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

صوبائی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں پانچ، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین دو، عوامی نیشنل پارٹی ایک جبکہ تین ممبران آزاد حیثیت سے اسمبلی میں بیٹھیں گے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 115 نشستوں میں سے 113 پر عام انتخابات میں امیدوار منتخب ہوکر آئے ہیں۔

خواتین کی 26 مخصوص نشستوں میں سے دو جے یو آئی، دو مسلم لیگ ن اور ایک پاکستان پیپلز پارٹی کے حصے میں آئی ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے حوالے الیکشن کمیشن کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بھی 28 فروری کو طلب کیا گیا۔ جس میں نومنتخب ارکان کی حلف برداری ہوگی۔

اجلاس 28 فروری سہ پہر 3 بجے اسمبلی ہال میں ہوگا جس کی صدارت اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان جمالی کریں گے ۔

اس حوالے سے جاری کیے جانے والے اعلامیہ کے مطابق اجلاس گورنربلوچستان عبدالولی خان کاکڑ نے طلب کیا ہے۔

اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے جبکہ نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

خیبر پختونخوا

National Assembly

election 2024 results