ٹیکسلا : پولیس اہلکار نے بزرگ خاتون کو زور دار تھپڑ دے مارے
راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا میں پولیس اہلکار نے زوردار تھپڑ مارکر بزرگ خاتون کو دھکا دے کر زمین پر گرادیا۔ سی پی او راولپنڈی نے خاتون کے ساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لے کر اے ایس آئی امتیاز ناصر کو معطل کردیا۔
پولیس اہلکار نے ٹیکسلا کچہری کے باہر ملزم کی گرفتاری کے دوران خاتون پر تشدد کیا۔
اہلکار کے خاتون کو تھپڑ مارنے کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، جس میں پولیس اہلکار کو خاتون کو تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس نے ملزم بصیر خان کو ٹیکسلا کچہری کے باہر گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ ملزم کی والدہ بیٹے کی گرفتاری کے دوران آڑے آگئی۔
ملزم کی گرفتاری کے دوران پولیس اہلکار نے بوڑھی خاتون کو تھپڑ دے مارے، اور ملزم بصیر کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔
خاتون کے ساتھ ناروا سلوک پر سی پی او راولپنڈی کا نوٹس
سی پی او نے اے ایس آئی امتیاز ناصر کو معطل کرکے ایس پی پوٹھوہار کو معاملے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز یا شہریوں سے ناروا سلوک قطعی برداشت نہیں، خود احتسابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزم بصیر کو جیب تراشی کی وارداتوں کے الزام پر گرفتار کیا گیا، ملزم نے اپنی والدہ کے ہمراہ پولیس کے ساتھ مزاحمت کی، ملزم بصیر خان کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments are closed on this story.