پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آج ٹکرائیں گی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے رنگا رنگ، سنسی خیز اور دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان جوڑ پڑے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ آج شام 7 بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں نے آج کے میچ کے لیے بھرپور تیاری کرلی، دونوں ٹیموں کی قیادت آج کا میچ جیتنے کے لیے پر عزم ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک اپنے دونوں میچز جیت چکی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ 2 میں سے ایک میچ جیتی جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، لاہور قلندرز کی ایونٹ میں یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو ملتان سلطان 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز 2،2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
’پولیس پی ایس ایل 9 کے میچوں کے پُرامن انعقاد کے لیے پوری طرح متحرک ہے‘
دوسری جانب سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس پی ایس ایل 9 کے میچوں کے پُرامن انعقاد کے لیے پوری طرح متحرک ہے، ملکی اور غیرملکی کرکٹرز، آفیشلز اور شائقین کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پرامن اور محفوظ ماحول میں پی ایس ایل میچوں کا انعقاد یقینی بنایا جارہا ہے، پی ایس ایل میچز کے دوران شہر بھر کی سیکیورٹی مسلسل الرٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم، کھلاڑیوں کی رہائش اور روٹس کے سیکیورٹی پلان پرعملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے، لاہور پولیس کھیلوں کے فروغ کے لیے بھر پور معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
Comments are closed on this story.