Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

ادویات کی قیمتوں کا اختیار کمپنیوں کو دینے کا نوٹیفکیشن معطل

نگراں پنجاب حکومت سمیت فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب
اپ ڈیٹ 22 فروری 2024 01:16pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور ہائیکورٹ نے ادویات کی قیمتوں کے تعین کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے نگراں پنجاب حکومت سمیت فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

گزشتہ روز ادویات کی قیمتوں کے تعین کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، درخواست محمد اسلم نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

شہری نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے نگراں حکومت نے قانون کے منافی نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے بعد ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ حکومت ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کی سیکشن ڈرگ ایکٹ سے نکال رہی ہے، نگران حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں، عوامی اور جمہوری حکومت آنے والی ہے یہ اقدام وہ کر سکتی ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ موجودہ نوٹیفکیشن آئین اور قانون کے منافی ہے، عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک اسے معطل کرنے کا حکم دے۔

جسٹس شاہد کریم نے آج درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے ندیم سرور ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے شہری کی درخواست منظور کرتے ہوئے ادویات کی قیمتوں کے تعین کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

عدالت نے نگراں پنجاب حکومت سمیت فریقین سے جواب آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

Notification

Lahore High Court

justice shahid kareem

medicines prices