Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حیران ہوں ایک لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے ردوبدل کی ہمت کون کرسکتا ہے، ممبر الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے این اے 235 اوراین اے 236 کراچی سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا
شائع 21 فروری 2024 12:20pm

الیکشن کمیشن نے این اے 235 اوراین اے 236 کراچی سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا، ممبر کمیشن بابر حسن بھروانہ نے کہا کہ حیران ہوں ایک لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے ردوبدل کی ہمت کون کرسکتا ہے پورے ملک سے فارم 45 کی شکایات ہیں، کمیشن لاکھوں فارم 45 کی سکروٹنی کیسے کرے؟۔

الیکشن کمیشن میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت گیارویں روز بھی جاری ہیں، ممبر سندھ نثاردرانی اور ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے این اے 235 اوراین اے 236 کراچی کی عذرداریوں پر سماعت کی۔

الیکشن کمیشن کے رکن بابر حسن بھروانہ نے کہا کہ پورے ملک سے فارم 45 کی شکایات ہیں۔ کل 50 درخواستوں پر فیصلہ سنانے کا آخری دن ہے الیکشن کمیشن لاکھوں 45 کی اسکروٹنی کیسے کرے؟ حیران ہوں ایک لاکھ سے زائد ووٹوں میں رد و بدل کرنے کی ہمت کون کرسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن سندھ کے رکن نثار درانی نے کہا کہ این اے 235 اور این اے 236 کے آر اوز نے رپورٹس جمع کروا دی ہیں۔ کیا یہ معاملات الیکشن ٹربیونلز کو بجھوا دیں؟

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہماری صرف ایک درخواست ہے کہ فارم 45 اور فارم 47 میں فرق ہے۔ سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو 22 فروری تک فیصلہ سنانے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنا ہے کہ اصلی فارم 45 کون سے ہیں اور جعلی کون سے۔اگر جعلی فارم 45 پر نتائج بنائے گئے تو حلقہ کے نتائج کو کالعدم قرار دینا ہوگا۔

درخواست گزار کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق الیکشن کمیشن ان درخواست پر فیصلے سنا سکتا ہے، 4 سیاسی جماعتوں کے پاس ایک فارم 45 ہیں اور ایم کیو ایم کے فارم 45 مختلف ہیں، فارم 45 کے مطابق سیف الرحمان نے ایک لاکھ 13 ہزار ووٹ لیے جبکہ فارم 47 میں صرف 1100 ووٹ لکھے گئے، اس کا تعین کرنا اور مستقبل میں ایسی دھاندلی روکنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔الیکشن کمیشن فارم 45 کی تحقیقات کیلئے کسی فارنزک کمپنی کی خدمات بھی حاصل کرسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 235 اور این اے 236 کراچی انتخابی عذرداریوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد

Babar Hassan Bharwana

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Nisar Ahmed Durrani

Pakistan Elections 2024

Election Rigging

na 235 and 236