Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل 9 : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کامیاب، پشاور اور کراچی ہار گئے

کوئٹہ نے پشاور کو 16 رنز، ملتان نے کراچی کو 55 رنز سے شکست دی
اپ ڈیٹ 19 فروری 2024 12:38am
فوٹو۔۔ پی ایس ایل اینڈ پی سی بی
فوٹو۔۔ پی ایس ایل اینڈ پی سی بی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے دن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 16 رنز سے شکست دیدی۔ زلمی کے کپتان بابر اعظم کی 68 رنز کی اننگ بھی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکی۔ دوسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے ہرا دیا۔

پی ایس ایل سیزن 9 کا تیسرا میچ ، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے دو وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

جواب میں کراچی کنگز 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز ہی بناسکی۔

کراچی کنگز کے شعیب ملک نے 53، شان مسعود 30 اور کیرن پولارڈ 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہیں ہوسکا اور چار کھلاڑی صفر پر بھی آؤٹ ہوئے۔

اس سے پہلے ملتان سلطانز کے اوپنرز محمد رضوان اور ڈیوڈ میلان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم کپتان محمد رضوان 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ڈیوڈ میلان نے ریزا ہینڈرکس کے ساتھ مل کر بڑی شراکت قائم کی۔ ڈیوڈ میلان 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ریزا ہینڈرکس نے 79 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ خوشدل شاہ 13 گیندوں پر 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

پی ایس ایل کے 9 ویں ایڈیشن کا دوسرا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

جہاں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر206 رنز بنائے جواب میں پشاور زلمی 6 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز پر ہمت ہار گئی اور یوں کوئٹہ 16 رنز سے جیت گئی۔

ٹیم کا مجموعہ 206 رنز تک پہنچانے میں گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ جیسن رائے نے 75 اور سعود شکیل نے 74 رنز کی دلکش اننگ کھیلی۔

اس کے علاوہ کپتان رائیلی روسو 13، شیرفن ردرفورڈ 20 اور محمد وسیم 4 رنز بناسکے، خواجہ نافع 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، لُوک ووڈ اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 68 رنز بنائے جب کہ صائم ایوب نے 42 رنز اسکور کیے۔

ٹوم کوہلر نے 18 اور محمد حارث نے 7 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ میچ میں کامیابی کے ساتھ ایونٹ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں، کوئٹہ کی ٹیم کو 160 رنز تک محدود کرنے کی کوشش کریں گے، دوسری بیٹنگ میں موسم کی صورتحال سے فائدہ اٹھائیں گے۔

ٹاس کے وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائیلی روسوو نے کہا تھا کہ کوشش کریں گے بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے حریف ٹیم کو پریشر میں لائیں، ہم ٹیم میں ہائی پرفارمنس ماحول بنانا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹ سے شکست دی تھی۔

پشاور زلمی

پشاور زلمی کی ٹیم میں کپتان بابراعظم، صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، آصف علی، ڈین موسلی، عامر جمال، لیوک ووڈ، محمد ذیشان اور سلمان ارشاد شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کپتان ریلی روسو، جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافے، سرفراز احمد، شیرفین رتھرڈورڈ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، محمد حسنین، محمد عامر اور ابرار احمد شامل ہیں۔

مزید پڑھیں

پی ایس ایل 9 کا پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے نام، لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست

پی ایس ایل 9 کی رنگا رنگ تقریب ، پہلا ٹاکرا یونائیٹڈ اور قلندرز کا ہوا

PSL

Quetta gladiators

lahore

Gaddafi Stadium

peshawar zalmi

Pakistan Super League

psl 9

HBL PSL 9