Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عاطف اور علی ظفر کی دشمنی: عاطف اسلم کی جگہ کوئی اور گلوکار بھی لے سکتا ہے

علی ظفر عاطف اسلم سے دشمنی سے متعلق بول پڑے
شائع 18 فروری 2024 10:57am

پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر اور عاطف اسلم جہاں سب کی توجہ اپنی گلوکاری کی بدولت حاصل کر لیتے ہیں، وہیں ان سے متعلق ایک خبر یہ بھی کافی گرم تھی کہ دونوں ایک دوسرے سے بات چیت نہیں کرتے ہیں۔

مشہور اداکار احمد علی بٹ کے پروگرام میں گلوکار اور اداکار علی ظفر نے عاطف اسلم سے متعلق کچھ ایسا کہا ہے جو کہ سب کی توجہ خوب سمیٹ رہا ہے۔

احمد علی بٹ کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ پہلے میں اور عاطف اسلم ایک ساتھ گھومتے تھے، لیکن ہم دونوں کی اپنی زندگی اور کامیاب کیرئیر ہے تو شاید اسی وجہ سے ہم دونوں ملتے نہیں اور نہ ہی ساتھ وقت گزارتے ہیں۔

عاطف اسلم سے دشمنی سے متعلق گلوکار کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ فنکاروں کے درمیان دوستی کا رشتہ قائم ہونا چاہیے اور ایک مثبت ماحول میں مل کر کام کرنا چاہیے۔

علی ظفر نے مزید کہا کہ فنکاروں کے درمیان مقابلے کی جنگ نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہر فنکار کے عروج کا ایک وقت ہوتا ہے۔ عروج اور زوال فنکار کے کیرئیر میں لازمی ہوتا ہے۔

مثال دیتے ہوئے علی طفر کا کہنا تھا کہ جہاں میں آج ہوں وہاں کوئی دوسرا فنکار ہو سکتا ہے، اسی طرح شہرت کی جس بلندیوں پر آج عاطف اسلم ہیں، وہاں کل کوئی دوسرا گلوکار بھی ہو سکتا ہے۔

واضح رہے دونوں گلوکاروں سے متعلق میڈیا پر یہ خبریں گردش کرتی رہی ہیں کہ دونوں گلوکاروں کے درمیان دوریاں پیدا ہو رہی ہیں جبکہ ایک دوسرے سے بات چیت نہیں کرتے ہیں۔

2017 میں کراچی کے مقامی کنسرٹ میں علی ظفر اور عاطف اسلم مدعو تھے، کہ اسی دوران عاطف اسلم اچانک کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے تھے، جس پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ دونوں کے درمیان دوریاں بڑھ گئی ہیں۔

تاہم ایک ذرائع کا کہنا تھا کہ شائقین میں سے کسی نے بوتل پھینکی، جس کی وجہ سے وہ کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے، جبکہ ایک اور ذرائع کے مطابق ایک والد اپنے گمشدہ بچے کو ڈھونڈنے کی غرض سے مائک لینا چاہ رہا تھا تاہم اسے انتظامیہ نے اجازت نہ دی۔

ali zafar

Pakistani Singer

Atif Aslam