Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’جو کچھ آپ کے بچوں نے کیا، وہ بھول نہیں سکتا‘

چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کے درمیان دوریاں کم ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں
شائع 18 فروری 2024 09:18am

گجرات کے معروف چوہدری خاندان نے اڈیالہ جیل میں ایک دوسرے پر شکوں کے انبار لگا دیے، ساتھ ہی دونوں خاندان کے درمیان دوریاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔

پاکستان مسلم ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز الٰہی کے درمیان بات چیت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس کا احوال خاندان کی ہی ایک فرد نے سنایا۔

گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات میں پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی اور سمیرا الٰہی موجود تھیں، قیصرہ الٰہی نے اپنے شوہر کو ملک کی موجودہ صورتحال پر اپ ڈیٹ کیا، ساتھ ہی شوہر کی طبیعت اور حال احوال بھی معلوم کیا۔

دوسری جانب چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بیٹوں کی پرویز الٰہی سے ملاقات کی اندرونی کہانی بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

سمیرا الٰہی کے مطابق پرویز الٰہی نے چوہدری شجاعت سے ملاقات کے دوران شکوہ کیا کہ آپ کے بچوں نے جو کچھ کیا وہ میں کبھی بھلا نہیں سکوں گا۔

خاتون کے مطابق پرویز الٰہی اس موقف پر قائم ہیں کہ سیاسی فیصلہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان ہی کریں گے، جبکہ خاندان سے متعلق فیصلوں پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ میں اپنی اہلیہ قیصرہ الٰہی سے مشاورت کے بعد بتاؤں گا۔

دوسری جانب قیصرہ الٰہی اور ان کے شوہر کی ملاقات سے متعلق خاتون نے بتایا کہ سیاسی بات بس اتنی ہی ہوئی کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران جب عدم اعتماد کی تحریک لائی جا رہی تھی، تو انہی دنوں سے چوہدری خاندان میں پھوٹ پڑ گئی تھی، چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بیٹوں نے پی ڈی ایم کا ساتھ دیا تھا۔

punjab

Chaudhry Pervaiz Elahi

PMLQ

Chaudhry Shujat Hussain

Adyala Jail