Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان لاہور اور میانوالی میں سے کون سی نشست رکھیں گے؟ علی محمد خان نے بتادیا

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر طویل پوسٹ
اپ ڈیٹ 17 فروری 2024 11:59am

پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکرفتح مکہ کا ماڈل اپنائے گی۔ کسی سے کوئی سیاسی انتقام نہیں لیا جائے گا۔ ملک و قوم کی ترقی کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

یہ بات پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں بتائی ہے۔ یہ پوسٹ اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے بانی سے ان کی ملاقات کے حوالے سے ہے۔

علی محمد خان نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ اس ملاقات میں سردار لطیف کھوسہ اور محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت اچھی ہے اور وہ خاصے ہشاش بشاش لگ رہے تھے۔

علی محمد خان کے مطابق تقریبًا نصف گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں بہت سے معاملات پر گفتگو ہوئی۔ اپنے قائد سے اتنے عرصے بعد ملنا بہت اچھا لگا۔

انہوں نے اپنے حلقے سے متعلق لکھا کہ مردان کی تاریخی فتح کا سن کر عمران خان بہت خوش ہوئے۔ وہ اڈیالہ جیل میں گزرے ہوئے میرے دنوں کا احوال بھی جانتے تھے۔میں نے انہیں جیل میں گزرے ہوئے دنوں سے متعلق بتایا۔

علی محمد خان کے مطابق اس ملاقات میں شریک سردار لطیف کھوسہ نے عمران خان سے کہ کہا کہ ان کی لاہور کی جیتی ہوئی سیٹ عمران خان کی امانت ہے۔

پوسٹ کے مطابق، ’جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ میانوالی کی نشست پر آئیں گے۔‘

علی محمد خان کے بقول سیاسی صورتِ حال پر بھی گفتگو ہوئی اور مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے مختلف امور کے حوالے سے ہدایات دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملک کی بھلائی کے لیے مصالحت سے کام لینے کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے جنوبی افریقا میں مصالحتی کمیشن بنائے جانے کا بھی حوالہ دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک کے لیے جو کچھ کرنا ہے تو درگزر سے کام لینا ہوگا۔

imran khan

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024

ALI MUHAMMED KHAN

RECONCILIATION

LATEEF KHOSA