Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ضیاء الحق اور بھارتی اداکار شتروگن سنہا کا آپس میں کیا رشتہ تھا؟

جنرل ضیاء الحق کی دعوت پر پاکستان آئے، اسلام آباد میں پوتے کی شادی میں بھی شرکت کی۔
شائع 16 فروری 2024 09:01am

بھارتی اداکار شتروگن سنہا پاکستان میں جنرل ضیاء الحق کی فیملی سے رابطے میں رہ چکے ہیں، جبکہ وہ زین ضیاء کو اپنی بہن قرار دے چکے ہیں۔

پاکستان کے مقبول ترین جنرل ضیاء الحق اور بھارتی اداکار شتروگن سنہا اپنے دوستانہ تعلقات کی بنا پر دونوں ممالک میں سب کی توجہ حاصل کر لیتے تھے۔

بھارتی اداکار شتروگن سنہا جہاں فلموں میں اداکاری کی بدولت سب کی توجہ خوب سمیٹ چکے ہیں وہیں جنرل ضیاء الحق بھی اپنے دور حکومت اور اسلامی طرز نظام کی بنا پر عوام میں کافی مقبول تھے۔

تاہم ان دونوں فیملیز کے درمیان تعلقات کافی قریبی تھے، بھارتی اداکار شتروگن سنہا اہلیہ اور بچوں سمیت جنرل ضیاء سے ملنے پاکستان آئے تھے، اس تصویر میں بھی دونوں فیملیز کو خوشگوار لمحات میں دیکھا جا سکتا ہے۔

2012 میں انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی اداکار شتروگن سنہا جنرل ضیاء الحق کی بیٹی زین ضیاء سے ملنے خود پاکستان آئے تھے۔ زین ضیاء کی رہائشگاہ پر انہوں نے ملاقات کی تھی، جبکہ وہ بتاتے ہیں کہ زین بہت خوش تھیں، مجھ سے ملنے کے بعد۔ وہ میری بہن ہے اور میں اسے بے حد پیار کرتا ہوں۔

ڈیلی میل انڈیا پر پبلش آرٹیکل میں بھی دونوں فیملیز کے درمیان تعلقات سے متعلق بتایا گیا تھا۔ زین ضیاء کی دعوت پر بھارتی اداکار شتروگن سنہا جنرل ضیاء الحق کے پوتے عثمان الحق کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے۔

ایک موقع پر شتروگن سنہا کا کہنا تھا کہ میرے جنرل ضیاء کی فیملی کے ساتھ پرانے اور جذباتی تعلقات ہیں۔ ضیاء صاحب کی بیٹی میری بہن جیسی ہیں اور ان کی دعوت پر میں فورا شادی میں شریک ہونے آ گیا۔

دونوں ممالک کے درمیان اگرچہ تعلقات خراب بھی رہتے تھے تاہم ان دونوں فیملیز کے تعلقات پر اثر نہیں پڑا۔ دوسری جانب بھارتی جنتا پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ رہنے والے شتروگن سنہا کا ایک موقع پر کہنا تھا کہ 1980 میں جنرل ضیاء کی دعوت پر پہلی مرتبہ پاکستان آیا تھا، تب سے دونوں فیملیز کے درمیان تعلقات قائم ہیں۔

india

پاکستان

BOLLYWOOD NEWS