Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، ہم اپنی آئینی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھاتے ہیں، ممتاز زہرا بلوچ
شائع 15 فروری 2024 02:11pm

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، الیکشن سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دفتر خارجہ کی جانب سے پہلے ہی الیکشن کے حوالے سے بیان جاری ہو چکا، انتخابات کے حوالے سے جو مبصرین کی جانب سے بیانات سامنے آئے ہیں ان میں بہت سے بیانات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں عوام کو اظہار رائے کی آزادی ہے، یہ پاکستان کے عوام کا حق ہے کہ وہ اپنی رائے کا آزادانہ استعمال کر سکیں، پاکستان میں انتخابی عمل اندرونی خود مختاری کا معاملہ ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا ادارہ تمام انتخابی عمل کو مانیٹر کر رہا تھا، دولت مشترکہ وفد کی جانب سے پاکستان میں انتخابی عمل کی شفافیت کی بات کی گئی، انتخابات کے حوالے سے جو میڈیا رپورٹس سامنے آئی ہیں ان پر ہم بات نہیں کریں گے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں دعوت دینے کے معاملے پر ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی قبل از وقت ہے، اس حوالے سے فیصلہ نئی آنے والی حکومت کرے گی، ہمیں جیسی ہدایات ہوں گی ہم اس پر عمل کریں گے۔

پاکستانی سرزمین پر ٹارگٹ کلنگز میں بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں پاکستانی شہریوں کی قتل کی منصوبہ بندی کی گئی تھی پاکستان ان کے ساتھ رابطے میں ہے، اس معاملے پر تیسرے ملک کے ساتھ پیشرفت ہو رہی ہے، بھارت کی جانب سے ماورائے عدالت قتل کیے گئے دیگر پاکستانیوں کے کیسز پر تحقیقات جاری ہیں، ماضی میں بھی بھارت پاکستان میں ماورائے عدالت قتل میں ملوث رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ بھارت جنوبی ایشیا اور اس سے باہر ماورائے عدالت ٹارگٹ کلنگز میں ملوث ہے، بھارت انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے۔

مقبوضہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت کشمیر میں پیسے پھینک کر اپنی حیثیت کو آئینی نہیں بنا سکتا، بھارت کی قومی سلامتی ایجنسی (این ایس اے) نے 10 فروری کو جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے دفاتر پر ملک بھر میں چھاپے مارے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان بھارت کی کشمیریوں کے خلاف کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے، پاکستان کشمیری عوام کے لیے ہمیشہ اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان رفح شہر میں اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتا ہے، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھی اسرائیلی جارحیت پر تنبیہ کی ہے، پاکستان او آئی سی کی بات کے ساتھ چلتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد اور فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ ہم پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے باخبر ہیں، پاکستان نے افغان حکومت سے ان دہشت گرد تنظیموں کے حوالے سے بات کی ہے، پاکستان اور افغانستان دوست اور ہمسایہ ممالک ہیں، دونوں کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، تاہم ان تعلقات میں متعدد معاملات پر تحفظات ہیں، یہ تحفظات افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر ہیں۔

foreign office

اسلام آباد

Pakistan Foreign Office

Mumtaz Zahra Baloch

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results

Pakistan Elections 2024