Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

دھاندلی کے الزامات لگانے والے ثبوت پیش کریں، چیف الیکشن کمشنر

این اے 55 سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ، این اے 56 اور 57 سے متعلق درخواست قابل سماعت قرار
شائع 15 فروری 2024 12:40pm

این اے 55 راولپنڈی کے نتائج سے متعلق درخواست پر سماعت کے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والے ثبوت پیش کریں۔

این اے 55 راولپنڈی سے متعلق ابرار احمد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

چیف الیکشن کمشنر اور ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ خان نے این اے 55 راولپنڈی کے نتائج سے متعلق درخواست پر سماعت کی، کامیاب امیدوار ابرار احمد کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

کامیاب امیدوار کے وکیل نے کہا کہ ریٹرننگ افسر این اے 55 کا حتمی نتیجہ جاری کرچکا ہے، الیکشن کمیشن درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرے، مزید تحقیقات کے لیے معاملہ الیکشن ٹریبونل کو بھجوایا جاسکتا ہے۔

درخواست گزار بشارت راجہ کے وکیل نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھی این اے 55 سے بشارت راجہ جیت رہے تھے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر تو فیصلے نہیں دینے، دھاندلی اور نتائج ردوبدل کے الزامات لگانے والے ثبوت بھی پیش کریں۔

وکیل بشارت راجہ نے کہا کہ ثبوت الیکشن کمیشن کے پاس ہیں، فارم 45 کھول کر دیکھ لیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے این اے 55 راولپنڈی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

این اے 57 راولپنڈی سے آزاد امیدوار سیمابیہ طاہر کی درخواست قابل سماعت قرار

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے این اے 57 سے آزاد امیدوار سیمابیہ طاہر کی عذرداری کی درخواست پر سماعت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ این اے 57 کے ریٹرننگ افسر نے رپورٹ بھجوا دی ہے۔

وکیل نے کہا کہ 336 میں سے 317 پولنگ سٹیشنز پر سیمابیہ طاہر کامیاب ہوئیں، ہمارے پر 333 پولنگ سٹیشنز کے اوریجنل فارم 45 موجود ہیں، سیمابیہ طاہر 51 ہزار ووٹوں سے کامیاب ہورہی تھیں، آراو رپورٹ میں لکھا کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران شامل نہیں کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ آر او نے کہا کہ قانون کے مطابق فریقین کی موجودگی میں نتائج مرتب کیے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے این اے 57 راولپنڈی سے آزاد امیدوار سیمابیہ طاہر کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی۔

الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر این اے 57 کے ریٹرننگ افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

این اے 56 راولپنڈی سے شہریار ریاض کی درخواست قابل سماعت قرار

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے آزاد امیدوار شہریار ریاض کی عذرداری کی درخواست پر سماعت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ این اے 56 کے ریٹرننگ افسر نے رپورٹ بھجوا دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 56 راولپنڈی سے آزاد امیدوار شہریار ریاض کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی۔

الیکشن کمیشن نے این اے 56 کے ریٹرننگ افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت کے لیے این اے 56 سے ن لیگ کے کامیاب امیدوار حنیف عباسی کو بھی نوٹس جاری کردیا۔

این اے 126، 127 لاہور سے متعلق درخواستوں پر سماعت ملتوی

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے این اے 126 اور این اے 127 لاہور سے عذرداری کی درخواستوں پر سماعت کی۔

وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ میں دونوں حلقوں پر اپنی درخواستوں پر کچھ ترمیم کرنا چاہتا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ دونوں حلقوں کے ریٹرننگ افسران نے رپورٹس بھجوا دی ہیں۔

بابر اعوان نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کردی تاہم الیکشن کمیشن نے این اے 126 اور این اے 127 لاہور سے متعلق درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

این اے 64 گجرات پر سماعت کل تک ملتوی

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے این اے 64 گجرات سے قیصرہ الہیٰ کی درخواست پر سماعت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ این اے 64 سے متعلق ریٹرننگ افسر نے رپورٹ بھجوا دی ہے، نتیجہ مرتب کرنے کے دوران شامل کرنے کی شکایت توحل ہوگئی۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔

پی پی 32 گجرات سے پرویزالہٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے پی پی 32 گجرات سے پرویز الہیٰ کی درخواست پر سماعت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پی پی 32 سے متعلق ریٹرننگ افسر نے رپورٹ بھجوا دی ہے،

وکیل عامر سعید نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارڈر پر ہم آر او افس پہنچے، ریٹرننگ افسر ہماری حاضری لگا کر غائب ہوگئے، 4 گھنٹے بعد تک ریٹرننگ افسر اپنے دفتر واپس نہیں آئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ آپ کا کہنا ہے دوبارہ گنتی میں شامل نہیں کیا گیا، بعدازاں الیکشن کمیشن نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

rawalpindi

ECP

اسلام آباد

Sikandar Sultan Raja

Election Commission of Pakistan (ECP)

cheif election commioner

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results

Pakistan Elections 2024

ELECTORAL RESULTS