شہبازشریف نے نواز شریف کو پھنسا کر بلایا اور ذلیل کروا دیا، پرویز الہٰی
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ شہبازشریف نے ہاتھ کر دیا ہے، قائد ن لیگ کو پھنسا کر بلایا اور ذلیل کروا دیا۔
لاہور میں عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں پرویز الہٰی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر لاڈلوں کو ڈاکا نہیں مارنے دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ عوام نے لاڈلوں کو مسترد کر دیا، نوازشریف کا رہا سہا بھرم بھی خاک میں مل گیا ہے، اب یہ عوام سے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا انتخابی نشان چھین لیا گیا، الیکشن مہم نہیں چلانے دی گئی، پولنگ ڈے پر ہمارے ایجنٹس کو بھی نہیں بیٹھنے دیا گیا۔
پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود عوام کا سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے اظہار محبت قابل تحسین ہے۔
صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چھاپے اور گرفتاریوں سے کارکنوں کو ہراساں کیا گیا، پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں دینے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلیوں کی نئی مثالیں قائم کی گئیں، ہمارے امیدوار واضح اکثریت سے جیت رہے تھے، رات کے اندھیرے میں ڈاکا مار کر نتائج بدل دئیے گئے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے خالی کمزور ترین حکومت سے ملکی مسائل بڑھیں گے۔
Comments are closed on this story.