Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ نامزد

قائد ن لیگ نواز شریف نے مریم نواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کیلئے نامزد کیا
شائع 13 فروری 2024 11:20pm
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) ، حالیہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پنجاب میں حکومت منانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو وزیر اعلیٰ کے لئے نامزد کیا ہے، وزیر اعلیٰ بننے کی صورت میں مریم نواز پنجاب سمیت کسی بھی پاکستانی صوبے کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے وزارت عظمیٰ اور وزارت اعلیٰ کے امیدواروں کے حوالے سے پارٹی کو اپنا فیصلہ سنایا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا ہے کہ شہباز شریف ن لیگ کی جانب سے وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے، جبکہ مریم نواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کیلئے نامزد کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بننے کی صورت میں مریم نواز پنجاب سمیت کسی بھی پاکستانی صوبے کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی۔

یاد رہے کہ مریم نواز شریف کی پیدائش لاہور میں 28 اکتوبر 1973ء کو ہوئی۔ مریم نواز کے دو بھائی، حسین اور حسن نواز اور ایک بہن، عاصمہ ہے۔

ان کے دادا، میاں محمد شریف، ایک صنعت کار اور اتفاق گروپ کے بانی تھے، جبکہ پرنانا، گاما پہلوان (پیدائشی نام غلام محمد)، ایک پہلوان تھے۔ ننھیال اور ددھیال دونوں امرتسر سے تھے، جو تقسیم ہند کے بعد پاکستان ہجرت کر گئے۔

نامزد وزیر اعلیٰ اور چیف آگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے انگریزی ادب میں جامعہ پنجاب سے ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عہدے کےلئے محمد شہبازشریف کو نامزد کر دیا ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب کے عہدے کےلئے ”مریم نوازشریف“ کو نامزد کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ محمد نوازشریف نے پاکستان کے عوام اور سیاسی تعاون فراہم کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں اوران کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے اس پختہ یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی خطرات، عوام مہنگائی سے نجات پائیں گے۔

Maryam Nawaz

Pakistan Politics

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results