Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن سے پہلے گاڑیوں کی فروخت میں ہوشرُبا اضافہ، کونسی کاریں زیادہ فروخت ہوئیں؟

موٹر سائکلوں اور رکشوں میں فروخت کا کیا رجحان رہا؟
شائع 13 فروری 2024 07:31pm

پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2024 میں کاروں کی فروخت میں 58.71 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، دسمبر 2023 میں گاڑیوں کے 4,916 یونٹس فروخت ہوئے تھے جبکہ جنوری میں 7,802 یونٹس فروخت ہوئے۔

اسی طرح، سالانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو جنوری 2023 میں فروخت ہونے والی 6,021 کاروں کے مقابلے اس سال جنوری میں 29.58 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

مجموعی طور پر مالی سال 2027 کے ساتویں مہینے میں گاڑیوں کی فروخت 38,464 یونٹس تک پہنچ گئی، جو کہ 2023 کے اسی دورانیے کی کل فروخت سے تقریباً 49 فیصد کم ہے۔

مالی سال 2024 کے سات مہینوں میں مسافر کاروں کی کل پیداوار 40,400 یونٹس ریکارڈ کی گئی، جو کہ گزشتہ مالسی سال کے اسی دورانیے میں بنے 77,101 یونٹس کے مقابلے میں 47.6 فیصد کم ہے۔

صرف جنوری کے مہینے میں ہی 9,614 یونٹس بنائے گئے جو دسمبر 2023 میں 6,654 کے مقابلے میں 44.48 فیصد زیادہ ہیں۔

پاکستان میں آٹو انڈسٹری نے اس ماہ ایک مضبوط بحالی کا مشاہدہ کیا ہے کیونکہ اس سے قبل وہ مختلف مسائل سے نبرد آزما رہی تھی جن میں افراط زر، کرنسی کی قدر میں کمی، کم طلب اور سیاسی غیر یقینی صورتحال شامل تھی۔

اہم پرزوں اور مٹیریل ک کی سپلائی چین میں رکاوٹوں کی وجہ سے ان مسائل نے آٹوموبیل شعبے کی پریشانیوں میں اضافہ کیا۔

تاہم، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) کی جانب سے درآمدی پابندیوں میں نرمی کے فیصلے کے ساتھ ہی، آٹو سیکٹر نے اپنی مضبوط پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی ہے۔

PAMA کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ جنوری میں ’1300سی سی اور اس سے اوپر‘ کے زمرے میں فروخت کی زیادہ سے زیادہ تعداد 4,091 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

اس زمرے کے اندر، ٹویوٹا (کرولا، یارِس اور کرولا کراس) نے سب سے زیادہ 2,143 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی، اس کے بعد ہونڈا کارز (سِوک اینڈ سٹی) نے 1,207 یونٹس فروخت کیے۔

فروخت کی دوسری سب سے زیادہ تعداد ’1000سی سی سے نیچے‘ کی کیٹیگری میں 3,118 یونٹس پر ریکارڈ کی گئی۔

اس زمرے میں سوزوکی آلٹو نے 2,983 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی جبکہ سوزوکی بولان کے 135 یونٹس فروخت ہوئے۔

1000 سی سی سیگمنٹ نے جنوری 2024 میں 593 یونٹس کی فروخت دیکھی۔

فروخت ہونے والے ٹرکوں کی کل تعداد 242 یونٹس رہی، جو پچھلے سال کی اسی مدت میں 105 یونٹس کے مقابلے میں 2.31 گنا سالانہ اضافہ دکھاتی ہے۔

موٹر بائیکس اور تھری وہیلر کی فروخت 27.02 فیصد اضافے کے ساتھ 104,619 یونٹس پر جا پہنچی جو دسمبر 2023 میں 82,362 تھی۔

پاکستان

Car Sale Surge

January 2024