Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف آج بھی سندھ میں احتجاج، بلوچستان بند

بلوچستان کا رابطہ ملک کے دیگر علاقوں سے پانچویں روز بھی معطل
شائع 13 فروری 2024 06:21pm

پہلے انتخابات کروانے کیلئے سیاسی جماعتیں ریلیاں نکال رہی تھیں، اور اب جب الیکشن ہوگئے ہیں تو اس کے نرتائج دیکھ کر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کا پارہ ہائی ہے۔

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن نتائج کے اجراء کے فوراً بعد سے ہی سڑکوں پر آئے ہوئے ہیں۔

کاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتیں سراپا احتجاج ہیں۔

سندھ کےشہر سکھر میں جمیعت علماء اسلام (جے یو آئی) نے احتجاجی ریلی نکالی، ساتھ ہی عمرکوٹ اور جیکب آباد میں جے یو آئی کے کارکنان نےتیسرے روز بھی احتجاج کیا۔

نوشہروفیروز میں مظاہرین نےالیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی، کندھ کوٹ اور شکارپور میں بھی پریس کلب کے سامنے کارکنان سراپا احتجاج بن گئے۔

بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی سیاسی جماعتوں کےکارکنان سڑکوں پر نظر آئے۔

کوئٹہ میں دھرنے کے باعث بلوچستان کا رابطہ ملک کے دیگر علاقوں سے پانچویں روز بھی معطل ہے۔

نوشکی میں بی این پی کے احتجاج کے باعث مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے جس کے باعث کاروباری مراکز بند ہیں۔

حلقہ پی بی 14 نصیر آباد ٹو میں انتخابی نتائج میں مبینہ بے دھاندلی کے خلاف پیپلزپارٹی کی جانب سے پانچویں روز بھی آر او آفس کے سامنے دھرنا جاری ہے اور سیکنڑوں کی تعداد میں لوگ دھرنے میں شریک ہیں۔

چاغی میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جمعیت اور بابائے چاغی پینل کی طرف سے پانچویں روز بھی بین الاقوامی شاہراہ بلاک کی ہوئی ہے، پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ گزشتہ 110 گھنٹوں سے بند ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

چاغی میں پہیہ جام ہڑتال کے باعث ہزاروں گاڑیاں مسافرین پھنس گئے ہیں، مسافروں کے لیے کھانے پینےکے اشیاء اور پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

سبی میں بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی اپیل پر شہر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

عام انتخابات میں بد ترین دھاندلی کے خلاف سبی شہر میں شٹرڈاون ہڑتال کے باعث شہر کے تمام کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند ہیں جبکہ اندرون شہر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔

سبی میں جناح روڈ پر مظاہرین نے ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کردیا اور حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

حب میں قوم پرست جماعتوں کی کال پر مکمل پہیہ جام شٹر ڈاؤن ہرتال کی گئی، بی این پی، این پی اور اے این پی نے الیکشن دھاندلی کے خلاف ہڑتال کی کال دی تھی جس کے باعث حب شہر کے تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results

Balochistan Protest

Sindh Protest