Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پشاور ہائیکورٹ: انتخابی نتائج کیخلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب

فارم 49 جاری ہوچکا پھر تو ہم اس کو معطل نہیں کرسکتے، ہائیکورٹ کے پاس 49 معطلی کا اختیار نہیں، عدالت
شائع 12 فروری 2024 01:07pm

پشاور ہائیکورٹ نے انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف دائر کی گئیں درخواستوں پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔

پشاور/ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد اور جسٹس ارشد علی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے پشاور کے 8 حلقوں پر انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی درخواستوں پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ فارم 45 میں نتائج ہمارے حق میں تھے، فارم 47 میں تبدیل کردیے گئے کیونکہ پہلے جیت گئے تھے لیکن آر او نے نتائج تبدیل کرکے ہروادیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بیشتر حلقوں کے فارم 49 جاری کردیے گئے ہیں۔

جس پر جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ رولز کے مطابق آپ کے کیس میں دوبارہ گنتی نہیں ہوسکتی، فارم 49 جاری ہوچکا ہے پھر تو ہم اس کو معطل نہیں کرسکتے کیونکہ ہائیکورٹ کے پاس 49 معطلی کا اختیار نہیں۔

وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 225 اور الیکشن ایکٹ سیکشن 9 کی بار عدالت پر موجود ہے۔

عدالت نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ گنتی دوبارہ کریں۔ سپریم کورٹ نے ان کیسز میں بڑا چھوٹا مارجن رکھا ہوا ہے۔ ان مقدمات میں ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار بہت کم ہے۔

الیکشن کمیشن وکیل اور کامیاب امیدواروں کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے کامیابی سے متعلق گزیٹڈ نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے کا حکم دیا ہے، اس لیے یہ کیس اب قابل سماعت بھی نہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ کیا جلدی ہے، الیکشن کمیشن کا جواب آنے دے۔

پشاور ہائیکورٹ نے کہا کہ نتائج روکنے سے متعلق حکم امتناع کی استدعا پر بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انٹر ریلیف پر ہم بعد میں آرڈر جاری کریں گے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سے 2 روز میں جواب طلب کرلیا جبکہ نتائج روکنے سے متعلق حکم امتناعی کی استدعا پر عدالت کچھ دیر بعد فیصلہ کرے گی۔

یاد رہے کہ درخواستیں پی کے 72، 73، 74، 75، 78، 79 ،82 اور این اے 28 کے نتائج کے خلاف دی گئی ہیں۔

درخواست گزاروں میں تیمور جھگڑا، کامران بنگش ،محمود جان، ارباب جہانداد، محمد عاصم، علی زمان، شہاب اور ساجد نواز شامل ہیں۔

Peshawar High Court

pti leaders

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results

ECP Hold Results