Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایم کیو ایم کا جیت کا جلسہ، بانی ایم کیو ایم کو معاف کیا، وہ بھرم بازی ختم کریں، مصطفیٰ کمال

8 سال پہلے جو جلسہ ہوتا تھا یہ اس سے بڑا ہے، فاروق ستار
اپ ڈیٹ 12 فروری 2024 07:32am
فوٹو ۔۔ اسکرین گریب
فوٹو ۔۔ اسکرین گریب

کنوینئر ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمارا جو ایم این اے ذمہ داری پوری نہیں کرے گا گھر جائے گا، کسی کارکن کو پتھر، ڈنڈا، ہتھیار رکھنےکی کوئی اجازت نہیں۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ میں نے بانی ایم کیو ایم کو معاف کیا، ان کو جناح گراؤنڈ سے کھڑے ہو کر دعوت دیتا ہوں کہ توبہ کرکے اللہ سے معافی مانگیں، اور یہ بھرم بازی ختم کریں ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل پر معافی مانگے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایک گیند سے جماعت اور بلدیات میں موجود اپوزیشن کو اڑا دیا، ہم سرمایہ کاری کا انقلاب برپا کریں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے انتخابات میں کامیابی پر یوم تشکر مناتے ہوئے کراچی کے جناح گراؤنڈ میں جلسے کا انعقاد کیا۔ جلسے سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ چاہتا ہوں بانی ایم کیوایم سے میری جنت میں ملاقات ہو، کوئی گلہ نہیں ہے، رب نے میرے لوگوں کو فتح دی ہے۔ دل سے معاف کرتا ہوں اور چاہتا ہوں ان کا خاتمہ ایمان پر ہو۔

انھوں نے کہا کہ جس وقت ایم کیو ایم میں کوئی بات نہیں کر سکتا تھا میں نے آپ کے پیر پکڑے آپ اپنی بیوی کے کیس پی پی کے وزیروں سے حل کروا رہے تھے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لوگوں کو لگتا تھا ہیلو کی آواز آئے گی اور سب ختم ہو جائےگا، کراچی والوں نے بتا دیا کراچی ایم کیو ایم پاکستان کا ہے، میری یہ آواز لندن تک جانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم صرف مہاجروں کی جماعت نہیں، مجھے آج غیرمہاجروں نے ووٹ دے کر کامیاب کیا، ہمیں صرف کراچی نہیں پورے پاکستان کی حکمرانی چاہیے۔

انھوں نے مزید کہا کہ آج کا دن آئندہ آنے والی نسلوں کو یاد رہے گا، ہمارے بڑوں نے پاکستان بنایا تھا ہم نے بچایا، ہم نے اس شہر کو دشمن کے قبضہ سے چھڑایا تھا۔

خالد مقبول صدیقی

کنوینئر ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمارا جو ایم این اے ذمہ داری پوری نہیں کرے گا گھر جائے گا، کسی کارکن کو پتھر، ڈنڈا، ہتھیار رکھنےکی کوئی اجازت نہیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کے حقوق کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کریں گے، کراچی کی تعمیرو ترقی کا سفر پھر سے شروع ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ طاقت ہماری تہذیب نہیں تہذیب ہماری طاقت ہے، ہم وہ ہیں جن کی ٹھوکروں پراقتدار ہوتا ہے، عوام کی بات نہ سنی گئی تو ٹھو کر مار کر ایوان سے باہر آئیں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ووٹ سے حق لینا چاہتے ہیں روڈ کے ذریعے حق لینے پر مجبور نہ کیا جائے، اس الیکشن میں بھی ہمارے کئی ساتھی شہید ہوئے ہیں۔

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ہم نے حلقہ بندیوں میں 53 یوسیز واپس کرائیں، کراچی کے 75 لاکھ افراد کو آبادی میں شامل کرایا، ثابت کرنا ہے جو پاکستان بنا سکتے ہیں وہی چلا بھی سکتے ہیں۔

2018 میں ایم کیو ایم کا مینڈیٹ چراکر کسی کو 14سیٹیں دی گئیں، ایم کیو ایم نے مہاجر قوم کو شناخت دلوائی ہے۔

فاروق ستار

جلسے سے خطاب میں فاروق ستار نے کہا کہ 8 سال پہلے جو جلسہ ہوتا تھا یہ اس سے بڑا ہے، الیکشن میں پختون سندھی سرائیکی بلوچ سب ہمارے ساتھ تھے۔

انھوں نے کہا کہ میں کراچی میں مختلف زبانیں بولنے والوں کو اپنا سمجھتا ہوں، اللہ نے ہمیں موقع دیا کراچی کی عظمت کو بحال کریں گے، پاکستان کے مظلوم عوام کو ان کا حق دلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ہمیں مرغی سمجھ رہے تھے یہاں موجود لوگ ان کو آئینہ دکھا رہے ہیں، ہمارے چھ لوگوں کو قتل کیا، ہم نے بیلٹ کی طاقت سے جواب دیا، جہوریت ایک بہترین بدلہ ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنا مشکل نہیں برقرار رکھنا مشکل ہے، آب دیکھ کر چلنا ہے جگہ جگہ خطرہ ہے۔

Pakistan Politics

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results