Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف سے ملاقات منسوخ، بلاول چوہدری شجاعت کے پاس پہنچ گئے

ملکی سیاست کی بیٹھک اسلام آباد لگانے کا فیصلہ
اپ ڈیٹ 11 فروری 2024 07:59pm

قومی اسمبلی کی تمام نشستوں کے نتائج آ جانے کے بعد اب سیاسی جماعتوں کے درمیان آنیاں جانیاں لگی ہوئی ہیں۔ ایوان میں زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعتیں حکومت سازی کے لیے کوشاں ہیں۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے بھی جوڑ توڑ شروع کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت بھی رابطوں اور گفت و شنید میں مصروف ہے۔

لاہور میں سینیر سیاست دان چودھری شجاعت حسین کا گھر بھی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جارہا ہے۔

آج سہہ پہر مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی چودھری شجاعت حسین سے اُن کے گھر پر ملاقات متوقع تھی، ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں دونوں سینیر سیاست دان وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کے حوالے سے بات چیت کرنا تھی۔

تاہم، ن لیگ کے قائد نوازشریف اور ق لیگ کے چوہدری شجاعت حسین کی آج لاہور میں ہونے والی ملاقات منسوخ کردی گئی ہے۔

دونوں پارٹیوں کے قائدین نے ملکی سیاست کی بیٹھک اسلام آباد لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوازشریف اور چوہدری شجاعت حسین کی اسلام آباد میں کل ملاقات کریں گے، دونوں جماعتوں کے قائدین کل اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومت سازی کے حوالے سے یہ ابتدائی نوعیت کا رابطہ ہوگا۔ اس ملاقات میں چند بنیادی باتوں پر اتفاقِ رائے کی صورت میں مزید رابطوں کی راہ ہموار ہوگی۔ اس وقت کوئی بھی بڑی پارٹی حکومت سازی کے حوالے سے کسی کو حتمی طور پر کوئی واضح یقین دہانی کرانے کی پوزیشن میں نہیں۔

دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداریم چودری شجاعت سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں حکومت سازی پر تبادلہ خیال ہوگا۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت سے آج ہی ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ یہ ملاقات رائے ونڈ میں ہوئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی جبکہ وفد میں سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار اور کامران خان ٹیسوری بھی شامل تھے۔

سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے کام ہونے والے بھی متحد ہوکر حکومت سازی کی کوششوں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ آزاد امیدوار اگر مختلف گروپ بناکر مذاکرات کریں تب بھی اپنی بات منوانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

Nawaz Sharif

FORMATION OF GOVERNMENT

CH SHUJAAT HUSSAIN