Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

9 مئی واقعات: عمران خان، شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور، شیخ رشید کو رہا کردیا گیا

یہ میرا تیسرا چلا ہے، میں نے الیکشن کیمپئین میں حصہ نہیں لیا، شیخ رشید
اپ ڈیٹ 10 فروری 2024 02:06pm

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی واقعات کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرلی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔

عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی واقعات کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرلی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے سانحہ 9 کے کیسز میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔

انسداد دہشت گردی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے ضمانت کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جی ایچ کیو اور آرمی میوزیم حملہ سمیت 12 مقدمات میں ضمانت منظور کی۔

عدالت نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے مقدمات کے تمام ملزمان ضمانتوں پر ہیں اس لیے بانی پی ٹی آئی کو گرفتار رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کی بھی 13 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔

ضمانت منظور ہونے کے باوجود عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی رہائی کا امکان نہیں کیونکہ دونوں رہنما سائفر کیس میں سزا یافتہ ہیں۔

عدالت نے سانحہ 9 مئی مقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

شیخ رشید کو رہا کردیا گیا

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی ضمانت منظور کرلی جس کے بعد سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو رہا کردیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے شیخ رشید کے خلاف 9 مئی کو حساس ادارے کے دفتر کے گیٹ پر حملے کے مقدمے کی سماعت کی اور سماعت شروع ہوتے ہی وقفہ کر دیا گیا، وقفے کے بعد دوبارہ سابق وزیر داخلہ کی درخواست ضمانت پر سماعت شروع ہوئی۔

دوربارہ سماعت شروع ہونے کے بعد بھی پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں کوئی پیش نہیں ہوا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا جبکہ شیخ رشید احمد کے وکلاء سردار عبدالرازق خان اور سردار شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے وکلاء کی جانب سے ضمانت کی درخواست دی گئی۔

عدالت نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے پولیس کو ضمانتی مچلکے داخل کرانے پر شیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر شیخ رشید کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔

جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔

بعدازاں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے روبکار پر دستخط کردیے۔

شیخ رشید کے وکیل سردارعبدالرازق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت نے شیخ رشید کی ضمانت منظورکرکے رہا کرنے کا حکم دیا، پراسیکیوٹرز کی ٹیم نے عدالت سے تاریخ دینےکی استدعا کی۔

شیخ رشید احمد کی روبکار جاری ہوتے ہی ان کے وکلاء اور شیخ راشد شفیق اڈیالہ جیل پہنچے، جس کے بعد اب بشیخ رشید کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ یہ میرا تیسرا چلا ہے، میں نے الیکشن کیمپئین میں حصہ نہیں لیا، میں جیل میں تھا مجھے کچھ پتہ نہیں ملک میں کیا ہورہا ہے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائی پر کارکنوں نے پھلوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

یاد رہے کہ شیخ رشید کے خلاف تھانہ نیوٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔

واضح رہے کہ شیخ رشید کے خلاف 9 مئی واقعات میں ملوث ہونے کا کیس ہے، جس سے متعلق سماعت انسداد دہشتگردی عدالت میں چل رہی تھی۔

مزید پڑھیں

شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر پولیس ریکارڈ سمیت طلب

عمران خان، شیخ رشید کیخلاف واثق قیوم، صداقت عباسی اور عمر تنویر بٹ وعدہ معاف گواہ بن گئے

شیخ رشید کے ریمانڈ میں توسیع، اڈیالہ جیل منتقل

rawalpindi

Sheikh Rasheed

Shah Mehmood Qureshi

ATC

imran khan

Bail

Awami Muslim League

MAY 9 RIOTS

9 May Cases