Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن میں درجن کے قریب اپ سیٹ- بڑے نام ہار گئے

فضل الرحمان، جہانگیر ترین، غلام بلور، سراج الحق، حافظ نعیم، یوسف رضا گیلانی شامل
اپ ڈیٹ 10 فروری 2024 09:06am

ملک میں عام انتخابات کے بعد غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے، پل پل امیدواروں کی پوزیشنز بدل رہی ہیں، کہیں کسی کو جھٹا لگ رہا ہے تو کہیں کسی کا قسمت نے ساتھ دیا ہے۔

بڑے اپ سیٹس

  • مانسہرہ این اے 15 میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ خان سے ہار گئے۔ شہزادہ گستاسپ خان کو ایک لاکھ 10 ہزار ووٹ ملے جبکہ نواز شریف 80 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
  • این اے 127 لاہور میں بلاول بھٹو زرداری نواز لیگ کے عطا تارڑ سے ہارگئے۔
  • مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان کے آبائی حلقے این اے 44 میں علی امین گنڈا پور سے ہار گئے۔ پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی تیسرے نمبر پر رہے۔ البتہ فضل الرحمان بلوچستان کے حلقہ این اے 256 سے رکن اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔
  • این اے 122 لاہور میں خواجہ سعد رفیق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ لطیف کھوسہ سے ہار گئے۔ خواجہ سعد رفیق نے لطیف کھوسہ کو مبارک باد بھی دے دی ہے۔
  • این اے 2 مالاکنڈ پر مسلم لیگ (ن) کے امیر مقام کو آزاد امیدوار امجد خان سے شکست ہوئی۔ البتہ امیر مقام این اے 11 سے منتخب ہوگئے ہیں۔
  • این اے 115 شیخوپورہ سے اہم لیگی رہنما جاوید لطیف آزاد امیدوار خرم شہزاد سے ہار گئے۔ جاوید لطیف نے 88 ہزار 125 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں خرم شہزاد کو ایک لاکھ 26 ہزار 349 ووٹ ملے۔
  • ہری پور این اے 18 پر عمر ایوب کامیاب ہوگئے۔ ن لیگ کے امیدوار دوسرے نمبر۔
  • این اے 246 کراچی میں حافظ نعیم الرحمان ایم کیو ایم کے امین الحق سے ہار گئے
  • ملتان کے این اے 149 سے آزاد امیدوار عامر ڈوگر نے آئی پی پی کے جہانگیر ترین کو شکست دے دی۔ علی جہانگیر ترین نے عامر ڈوگر کو فتح کی مبارکباد دے دی ہے۔ -این اے 115 شیخورہ میں آزاد امیدوار خرم شہزاد نے مسلم لیگ ن کے جاوید لطیف کو شکست دے دی۔
  • این اے 6 لوئردیر کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار محمد بشیر آگے ہیں اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق پیچھے ہیں۔
  • این اے 32 پشاور کے 25 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار آصف خان 9433 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ اے این پی کے غلام احمد بلور 2630 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔
  • قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 100 فیصل آباد کے تمام 377 پولنگ اسٹیشنز کے سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر نثار جٹ 131996 ووٹ لے کر آگے جبکہ مسلم ليگ ن کے رانا ثناء اللہ خان 112403 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
  • این اے 78 گوجرانوالہ کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے خرم دستگیر خان 88 ہزار 308 ووٹ لے پیچھے جبکہ آزاد امیدوار مبین عارف پاہٹ ایک لاکھ 6 ہزار 169 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ہیں

دیگر کڑے مقابلے

این اے 148 ملتان میں یوسف رضا گیلانی کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا جب کہ راولپنڈی میں حنیف عباسی اسی صورت حال سے دوچار ہوئے۔ تاہم ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر دونوں جیت گئے۔

لودھراں کے حلقے این اے 155 کے غیرحتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے صدیق خان بلوچ آگے اور آئی پی پی کے جہانگیر ترین دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 121 لاہور سے ن لیگ کے سینئر رہنما شیخ روحیل اصغر بھی شکست سے دوچار ہوئے۔ انہیں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر نے ہرایا۔

این اے 194 لاڑکانہ پر جے یو آئی کے راشد سومرو بلاول بھٹو زرداری سے ہار گئے۔

پنجاب میں ن لیگ اور آزاد امیدوار میں مقابلہ ہے، این اے 130 سے نواز شریف کا پہلا نمبر جبکہ آزاد امیدوار یاسمین راشد دوسرے نمبر پر ہیں۔ تاہم یہاں کڑا مقابلہ ہوا۔

این اے 71 سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار ریحانہ ڈار اور مسلم لیگ (ن) میں سخت مقابلہ ہے۔ N ن لیگ کی جانب سے خواجہ آصف کی جیت کا اعلان ایکس پوسٹ پر کیا گیا ہے۔

این اے 56 راولپنڈی میں کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ شروع میں آزاد امیدوار شہریار ریاض کا پلڑا بھاری دکھائی دیا لیکن اب حنیف عباسی کو سبقت حاصل ہے۔

این اے 120 لیگی امیدوار ایاز صادق آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار حمزہ اعوان کی دوسری پوزیشن ہے۔

این اے 47 اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین آگے ہیں۔

این اے 48 سے آزاد امیدوار علی بخاری کو برتری حاصل ہے۔

فیصل آباد این اے 98 میں لیگی امیدوار چوہدری شہباز بابر آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں۔

مٹیاری کے این اے 216 میں بھی کانٹے کا مقابلہ جاری ہوا۔ جہاں ابتدائی طور پر مسلم لیگ ن کے بشیر میمن پہلے نمبر پر تھے لیکن بعد ازاں پیپلز پارٹی کے مخدوم جمیل الزماں الیکشن جیت گئے۔

الیکشن 2024 : لاہور کس کا؟

این اے 123 میں آزاد امیدوار افضال اعظیم نے ن لیگ کے شہباز شریف کے ساتھ کڑا مقابلہ کیا اور شروع میں انہیں سبقت حاصل تھی۔ تاہم اب شہباز شریف آگے ہیں۔

کراچی میں این اے 242 ایم کیو ایم کے مصطفیٰ کمال آگے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 241 کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار خرم شیر زمان پہلے نمبر پر اور ایم کیو ایم کے فاروق ستار دوسرے نمبر پر ہیں۔

لاہور کے این اے 128 میں امیدوار سلمان اکرم راجا آگے اور ‏آئی پی پی کے عون چوہدری پیچھے ہیں۔

این اے 209 سانگھڑ کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پی پی امیدوار شازیہ مری آگے اور جی ڈی اے کے محمد خان جونیجو پیچھے ہیں۔

حلقہ این اے 256 خضدار میں شروعاتی نتائج کے مطابق بی این پی کے سردار اختر مینگل، پی پی کے عبدالرحمان زہری اور آزاد امیدوار میراسراراللہ زہری سے آگے ہیں۔

الیکشن 2024 : کراچی میں ایم کیو ایم کا راج برقرار؟

این اے 266 چمن کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی آگے ہیں، جبکہ جے یو آئی کے صلاح الدین ایوبی پیچھے ہیں۔

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results