Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ووٹوں کے ذریعے جو آوازیں اٹھائی جائیں گی وہ ہماری جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اہم ہیں، وزیر اعظم

انتخابات پاکستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے، انوار الحق کاکڑ
اپ ڈیٹ 08 فروری 2024 07:03pm
فوٹو ۔۔ فائل
فوٹو ۔۔ فائل

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ووٹوں کے ذریعے جو آوازیں اٹھائی جائیں گی وہ ہماری جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کریں گی اور اس کے لیے پاکستان کے عوام ہر طرح کی تعریف کے مستحق ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں عام انتخابات 2024ء کے کامیاب انعقاد پر قوم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، عبوری صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتخابی عملے، میڈیا اور ان تمام اداروں اور افراد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں جنہوں نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں کردار ادا کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ یادگار موقع نہ صرف ہمارے جمہوری عمل کی لچک اور طاقت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کا بھی ثبوت ہے۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن میں پاکستان کے عوام کی شرکت اور جوش و خروش جمہوری عمل کی بنیاد رہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ رائے دہندگان کی بڑی تعداد ہمارے ملک کے مستقبل کی تشکیل کے لئے عوامی عزم کا واضح اشارہ ہے۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے چند واقعات کے باوجود مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، ایل ای اے، سویلین انتظامیہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ملک بھر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے کوششیں قابل ستائش ہیں۔ ان کی غیر متزلزل وابستگی نے انتخابات کے ہموار انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی پاکستان کے عوام نے غیر معمولی جرات اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد انتخابی عمل میں حصہ لینے کا آپ کا عزم ان قوتوں کے خلاف ایک طاقتور بیان ہے جو ہمارے ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں۔ یہ امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے ہماری اجتماعی خواہش کو اجاگر کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک بار پھر قوم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ امید ہے کہ یہ انتخابات پاکستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024