Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کے دن افغانستان اور ایران کے ساتھ تمام بارڈر بند کرنے کا فیصلہ

بارڈر پیدل اور مال برداری کیلئے بند رہیں گے، ممتاز زہرا بلوچ
شائع 07 فروری 2024 07:20pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

پاکستانی حکومت نے الیکشن کے دن افغانستان اور ایران کے ساتھ تمام بارڈر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ بارڈر پیدل اور مال برداری کیلئے بند رہیں گے۔

ملک میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کل بروز جمعرات 8 فروری کو ہوگی۔ اس حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کی گئے ہیں۔

پولنگ کے ماحول کو پُرامن رکھنے کی خاطر الیکشن کمیشن کی درخواست پر 6 لاکھ اہلکاروں کو فرائض سونپ دیے گئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ کل افغانستان اور ایران کے ساتھ تمام بارڈر بند کردیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ بارڈر پیدل اور مال برداری کیلئے بند رہیں گے، تاہم 9 فروری سے بارڈرز معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔

خیال رہے کہ ملک میں الیکشن سے ایک روز قبل بلوچستان میں دو دھماکے اور جے یو آئی ایف کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے، جس میں حافظ حمداللہ محفوظ رہے۔

تاہم بلوچستان کے اضلاع پشین اور قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے دھماکوں میں 29 افراد جاں بحق 38 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام کے انتخابی دفتر کے باہر دھماکے سے 12 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔

ضلع پشین میں پی بی 47 سے آزاد امیدوار سیف اللہ کاکڑ کے دفتر کے قریب ہوا جس میں 17 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔

پُرامن پولنگ کیلئے 6 لاکھ اہلکاروں کو فرائض سونپ دیے گئے

23 ہزار 940 سیکیورٹی اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی دیں گے۔

مجموعی طور پر پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے ایک لاکھ 30 ہزار 882 اہلکار پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی روک تھام کے لیے ڈیوٹی دیں گے۔

ملک بھر میں پولیس کے 4 لاکھ 65 ہزار 736 اہلکاروں کو الیکشن ڈیوٹی سونپی گئی ہے۔

الیکشن کے موقع پر امن برقرار رکھنے کے لیے فوج، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے مجموعی طور پر فوج، سول آرمڈ فورسز اور پولیس کے 5 لاکھ 96 ہزار 618 اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں۔

پنجاب میں انتخابی عمل کو پُرامن بنانے کے لیے پولیس کے 2 لاکھ 16 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

سندھ میں 110720، خیبرپختونخوا میں 92535 اور بلوچستان میں 46481 پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی دیں گے۔

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024