بلوچستان: الیکشن سے ایک روز قبل قلعہ سیف اللہ، پشین سمیت متعدد اضلاع میں دھماکے، 29 افراد جاں بحق
عام انتخابات سے صرف ایک روز قبل بلوچستان کے اضلاع پشین اور قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے دھماکوں میں 29 افراد جاں بحق 38 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ مستونگ اور خضدار میں بھی دستی بم حملے ہوئے۔
بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام کے انتخابی دفترکےباہردھماکے سے 12 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
یہ علاقہ کوئٹہ سے 170 کلو میٹر دور ہے، جے یو آئی کے مولانا سمیع الحق یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکےکے وقت کارکنوں کی بڑی تعداد دفترمیں موجودتھی۔
پشین میں دھماکا
قلعہ سیف اللہ دھماکے سے کچھ دیر قبل ہی ضلع پشین میں بھی پی بی 47 سے آزاد امیدوار سیف اللہ کاکڑ کے دفتر کے قریب ہوا جس میں افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا جارہا تھا کہ دھماکہ خود کش ہے۔
کوئٹہ میں ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دیسی ساختہ دھماکہ تھا اور آئی ای ڈی ایک موٹر سائیکل میں رکھی گئی تھی۔
حملہ کوئٹہ سے تقریبا 50 کلومیٹر (30 میل) اور افغانستان کی سرحد سے تقریبا 100 کلومیٹر دور ضلع میں ایک آزاد امیدوار کے دفتر کے قریب خانوزئی میں ہوا۔
مستونگ میں دھماکا
قلعہ سیف اللہ اور پشین میں دھماکوں کے کئی گھمٹے بعد مستونگ میں مقامی اسکول کے قریب نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس دھماکے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
خضدار میں دھماکا
خضدار کے علاقے کھنڈ پولنگ اسٹیشن پر بھی دستی بم حملہ ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
جے یو آئی کی امیدواروں کو ہدایت
رہنما جے یوآئی مولانا عبدالواسع نے قلعہ سیف اللّٰہ میں دھماکے کے بعد کارکنوں اور امیدواروں کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں کارکنان اورامیدوار دفاتر خالی کریں اور مناسب جگہوں پر اپنی سرگرمی جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکنان ایک جگہ جم غفیرنہ بنائیں اور دفاتر کے باہرپارٹی رضاکار سیکیورٹی سنبھالیں
رپورٹ طلب
نگراں وفاقی وزیرداخلہ نے قیمتی جانیں جانے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرسے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
نگراں وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں سےدہشتگردی کےخلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا، دشمن،ملک میں عدم استحکام پیدا کرنےکے درپے ہے لیکن ہم اتحاداوراتفاق سے دشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کے حملے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے بھی واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
Comments are closed on this story.