ایران نے بھی بھارتی سیاحوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کردی
ایران نے بھارتی سیاحوں کے لیے پندرہ دن کی ویزا فری انٹری کا اعلان کیا ہے۔
نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے نے بتایا ہے کہ بھارتی پاسپورٹ کے حامل افراد اب ویزا لیے بغیر پندرہ دن تک ایران کی سیر کرسکیں گے۔
نئی پالیسی کے تحت بھارتی باشندے ہر 6 ماہ بعد ایران جاسکیں گے۔ ویزا کے بغیر کیا جانے والا قیام 15 دن کا ہوگا۔ اس مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ نئی پالیسی کے تحت صرف سیاحوں کو ویزا کے بغیر آنے دیا جائے گا۔
تعلیم، ملازمت یا کاروبار کی غرض سے ایران آنے والوں کے لیے ویزا کا حصول لازم ہوگا۔
ایرانی سفارت خانے نے یہ بھی بتایا کہ ویزا کے بغیر آنے والے بھارتی سیاح صرف فضائی سفر کے ذریعے ایران میں داخل ہوسکیں گے۔
یاد رہے کہ چند ماہ کے دوران تھائی لینڈ، ویتنام، سری لنکا اور چند دوسرے ممالک نے بھی بھارتی پاسپورٹ کے حامل افراد کے لیے ویزا فری سفر کی سہولت فراہم کی ہے۔
گزشتہ برس کے اوائل میں ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے اعلان کیا تھا کہ یکم دسمبر 2023 سے چین اور بھارت کے باشندوں کو ملائیشیا میں 30 دن کے لیے ویزا کے بغیر داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ یہ انٹری کرمنل ریکارڈ کی چیکنگ سے مشروط ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں :
ترکی نے چار اسلامی ممالک کے عام شہریوں کو ویزا سے استثنا دے دیا
پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو 11 ممالک میں بغیر ویزا جانے کی اجازت
چین کی 6 ممالک کو ’ویزہ فری انٹری‘ کی اجازت، کیا پاکستان شامل ہے؟
تھائی لینڈ نے اعلان کیا تھا کہ 10 نومبر 2023 سے بھارت کے باشندے 30 دن کے لیے ویزا لیے بغیر داخل ہوسکیں گے۔ یہ سہولت فی الحال 6 ماہ کے لیے ہے۔ تھائی لینڈ کی کابینہ نے 10 مئی کو بھارتی باشندوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کی منظوری دی تھی۔
سری لنکا نے بھی بھارت، چین اور روس سمیت 7 ملکوں کے شہریوں کو ویزا کے بغیر آنے کی اجازت دے رکھی ہے۔
Comments are closed on this story.