Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایم کیوایم کو ووٹ نہ دیا تو سمجھیں گے ہمارے لوگ غدار ہیں، شاہی سید

آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے مضبوط اتحاد بنا رہے ہیں، مصطفیٰ کمال
شائع 06 فروری 2024 07:57pm
فوٹو ۔۔ آج نیوز
فوٹو ۔۔ آج نیوز

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما شاہی سید نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کو ووٹ نہ دیا تو سمجھیں گے ہمارے لوگ غدار ہیں، ہم باچا خان کے پیرو کار ہیں، امن چاہتے ہیں۔ رہنما ایم کیوایم مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی آگ اور خون میں نہایا ہوا ہے، آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے مضبوط اتحاد بنا رہے ہیں۔

کراچی میں اے این پی کے رہنما شاہی سید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے لڑائی اور فساد نہیں پھیلانا، متحدہ ہو کر عوام کی فلاح کیلئے کام کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہر طرف سے لوگوں کی جانیں گئیں، آئندہ نسلوں کیلئے اچھا کراچی چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں۔ ایسی بنیاد بنا دی ہےکہ آئندہ نسلیں اتحاد قائم رکھیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لیڈر شپ ووٹوں کو نہیں آنے والی نسلوں کو دیکھ رہی ہے، یہ کام ریاست کا تھا جو ہم نے کیا۔ بد قسمتی سے لوگ سمجھتے ہیں یہ الیکشن میں سیٹوں کا مسئلہ ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میرے لوگوں کو لڑائی اور فساد نہیں چاہیے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو امن و اتحاد کی بات کرنی چاہیے۔

شاہی سید

پریس کانفرنس میں اے این پی رہنما شاہی سید نے کہا کہ ہمارے اتحاد سے کچھ لوگوں کو کرنٹ لگا ہے، یہ بھائی چارہ ہم نے پچھلے رمضان میں مسجد میں بیٹھ کر کیا، ہم باچا خان کے پیروکار ہیں، امن چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کا امن پاکستان کا امن ہے، ایم کیوایم کو ووٹ نہ دیا تو ہم سمجھیں گے کہ ہمارے لوگ غدار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مضبوط تعلق پتنگ پر ٹھپہ لگانے سے ہوگا، سہراب گوٹھ کے حلقوں میں ایم کیوایم کی حمایت کرتے ہیں۔

ANP

MQM Pakistan

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024