Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

انتخابات کے موقع پر موبائل فون اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی، مرتضیٰ سولنگی

کسی جگہ امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو وہاں کی مقامی انتظامیہ خود جائزہ لے کر فیصلہ کر سکتی ہے، نگراں وزیر اطلاعات
اپ ڈیٹ 06 فروری 2024 07:30pm

نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے انتخابات کے موقع پر موبائل فون اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں، فیک نیوز اور پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سکیورٹی سنجیدہ معاملہ ہے، پاکستان میں مشکل اور سخت ترین حالات میں بھی انتخابات ہوئے ہیں، 2007ء کے انتخابات بے نظیر بھٹو کی شہادت کی وجہ سے تقریباً ایک ماہ التواء کا شکار ہوئے، 2013ء کے انتخابات اس سے بھی زیادہ خراب صورتحال میں ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہمارا کوئی امیدوار نہیں، انتخابات میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاستی میڈیا پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے، کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جا رہا۔

ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر حکومت کی طرف سے موبائل فون اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی، اگر کسی جگہ امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو وہاں کی مقامی انتظامیہ صورتحال کا خود جائزہ لے کر فیصلہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر معمولی صورتحال غیر معمولی حل کا تقاضا کرتی ہے لیکن ابھی تک ایسی کوئی غیر معمولی صورتحال موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں، فیک نیوز اور پروپیگنڈا ہوتا ہے، حکومت پاکستان، اس کے متعلقہ ادارے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان جھوٹی خبروں پر باقاعدگی سے وضاحت جاری کرتے ہیں۔

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Internet down on election day