Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل منتقلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

درخواست میں بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردینے کی استدعا
شائع 06 فروری 2024 01:56pm

توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں بشریٰ بی بی نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا انتظامیہ کا 31 جنوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردینے کی استدعا کی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کسی بھی عام قیدی کی طرح سزا ڈیالہ جیل میں کاٹنا چاہتی ہوں، تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں، سیاسی ورکرز جیلوں میں عام قیدیوں کے ساتھ ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ بنی گالہ سب جیل میں منتقلی مساوی حقوق کے منافی ہے، 31 جنوری کو مجھے سب جیل میں منتقل کیا گیا، پوچھنے پر مجھے بتایا گیا بنی گالہ رہائش کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ چیف کمشنر آفس اسلام آباد کا 31 جنوری کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ 31 جنوری کو احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ رنفرنس میں 14سال قید کی سزا دیئے جانےکے بعد بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ کو سب جیل قراردے دیا گیا اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سخت سیکیورٹی میں بنی گالا منتقل کر دیا گیا ہے۔

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے لیے بنی گالا کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا اور جیل عملہ بھی بنی گالا تعینات کر دیا گیا۔

pti

imran khan

Islamabad High Court

bushra bibi

Toshakhana

tosha khana case

Imran Khan Bushra Bibi Convicted