Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

ووٹوں کی خریدوفروخت: بلاول اور پیپلزپارٹی امیدوار کی نااہلی کیلئے درخواست دائر

ہم جیتے ہوئے ہیں بلاول بھٹو گھبرا کر پیسے لگا رہے ہیں، عطا تارڑ
اپ ڈیٹ 05 فروری 2024 10:07pm
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پی پی 160 لاہور میں ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت پر حلقے میں پیپلزپارٹی کے صوبائی امیدوار میاں مصباح الحق اور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 کے امیدوار بلاول بھٹو زرداری کی نا اہلی کیلئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر میں درخواست دائر کر دی۔ دوسری طرف رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے جس میں پیپلزپارٹی کے دفاتر پر چھاپے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

این اے 127 لاہور سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے مدمقابل امیدوار عطا تارڑ ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کے مطابق ڈی سی لاہور کے دفتر گئے۔ اس موقع پر شہری سعید سلہری نے بلاول بھٹو زرداری اور پی پی 160 سے امیدوار میاں مصباح الحق کی نا اہلی کی درخواست دائر کرادی۔

حلقے کے رہائشی کی حیثیت سے سعید سلہری نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرکو درخواست دی۔ جس میں بدعنوانی ، رشوت ستانی، اور غیر ضروری اثر و رسوخ استعمال کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ ثبوت موجود ہیں کہ فریقین بلواسطہ یا بلا واسطہ رشوت ستانی میں ملوث ہیں۔ درخواستگزار کی جانب سے فوٹیج بھی یو ایس بی میں ثبوت کے طور پر جمع کروائی گئی۔

عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں نے دھاوا بولنا ہوتا تو سب کو بتا کر جاتا ہے، پیپلز پارٹی والے مقدس کتاب پر ہاتھ رکھوا کر ووٹرز کو رشوت دیتے ہیں، وہ ووٹ خرید کر لاہور کے امن کی سیاست کو آلودہ کرنا چاہتے ہیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ہم نے رشوت دینے والوں کو رنگے ہاتھوں پکڑا ہے۔ الیکشن ہم جیتے ہوئے ہیں بلاول بھٹو گھبرا کر پیسے لگا رہے ہیں۔

این اے127 میں پیپلزپارٹی کے دفاتر پر چھاپے کا نوٹس لینے کا مطالبہ

رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو خط لکھا ہے جس میں این اے127 میں پیپلزپارٹی کے دفاتر پر چھاپے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی کے دفتر پر پولیس نے غیرقانونی طور پر چھاپہ مارا، پیپلزپارٹی نےعوامی رابطے کیلئے کال سینٹر قائم کیا تھا۔

تارج حیدر نے خطب میں مزید لکھا کہ یہ چھاپہ عطا تارڑ نے ترتیب دیا تھا، الیکشن کمیشن دفاتر پر غیر قانونی چھاپوں کا فوری نوٹس لے۔

Bilawal Bhutto Zardari

Attaullah Tarar

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024