Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ووٹ ڈالنے کیلئے ایکسپائرڈ شناختی کارڈز سمیت کون سی دستاویزات قابل قبول ہیں

الیکشن منیجمنٹ سسٹم انٹرنیٹ کے بغیر بھی کام کرے گا، ترجمان
اپ ڈیٹ 06 فروری 2024 08:35am

الیکشن کمیشن کے ترجمان ہارون شنواری نے واضح کر دیا ہے کہ ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ اسٹیشن پر شناختی کارڈ یا دوسری کونسی دستاویز دکھائی دی جا سکتی ہے۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کی تجرباتی مشق میں سامنے آنے والے مسائل حل کرلیے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران ہارون شنواری نے کہا کہ زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر بھی ووٹ ڈالا جا سکے گا، زائد المیعاد شناختی کارڈز والے افراد بھی اپنا ووٹ پول کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زائد المیعاد شناختی کارڈ ہولڈر کو ووٹ پول کرنے سے روکا نہیں جائے گا، اس حوالے سے تمام عملے کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ ایکسپائرڈ شناختی کارڈ ہولڈر کو ووٹ پول کرنے دیا جائے۔

ترجمان۔ کے مطابق شناختی کارڈ کے علاوہ کوئی دستاویز مثلا ڈرائیونگ لائسنس یا پاسپورٹ قابل قبول نہیں۔

ہارون شنواری نے کہا کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم کیلئے تین ہزار لیپ ٹاپس کا انتظام کیا ہے اور 3600 آپریٹرز کو ٹریننگ دی گئی ہے۔

ایڈیشنل ڈی جی مرکزی کنٹرول روم الیکشن کمیشن ہارون شنواری نے بتایا کہ انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، اس سسٹم کو چلانے کیلئے پرائیویٹ نیٹ ورک بنایا ہے، یہ سسٹم انٹرنیٹ کے بغیر بھی کام کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ سسٹم میں مانیٹرنگ کیلئے خصوصی اقدامات کیے، شکایات درج کرانے کیلئے پہلی مرتبہ واٹس ایپ استعمال کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ای میل اور یونیورسل فون نمبر پر پورے ملک سےشکایات درج کرائی جاسکتی ہیں۔

ہارون شنواری نے کہا کہ صوبائی سطح پرچارکنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں،32 ریجنل مانیٹرنگ کنٹرول رومز الیکشن کی نگرانی کررہے ہیں، 144 ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی شکایات کے ازالے کیلئے اقدامات کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 26 دسمبر سے اب تک 625 افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں،252 امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ 156 لوگوں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے گئے ہیں۔ اسی طرح 12 ہزار 236 وال چاکنگ اور ہورڈنگز کو ہٹایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی پر امیدوار کو نااہل بھی کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 221 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 198 کو حل کرلیا گیا ہے۔ سندھ، بلوچستان، خیبرپختوبنخوا میں واقعات پر آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کو نوٹسز جاری کیے ہیں، 8 فروری کو پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن پرہوں گی، اس لیے ضلعی، صوبائی اور مرکزی سطح پر انتخابات کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

ہارون شنواری نے کہا کہ اب تک ٹرائلز پر ای ایم ایس کی کارکردگی اطمینان بخش رہی، ای ایم ایس کی ذریعے نتائج کی ترسیل کی جائے گی، تمام کنٹرول رومز 24/7 کام کر رہے ہیں، انتخابات کے نتائج آنے تک مرکزی روم مسلسل کام کرے گا، ای ایم ایس آف لائن اور آن لائن دونوں صورتوں میں کام کرے گا۔

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Election Management System (EMS)

Vote on expire CNIC