Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

فیفا ورلڈ کپ 2026: فائنل کی میزبانی کس کے حصے میں آئی

افتتاحی میچ میکسیکو میں رکھا گیا ہے،اس بار ٹورنامنٹ گیم چینجر ثابت ہوگا، فیفا صدر کی میڈیا بریفنگ
اپ ڈیٹ 05 فروری 2024 03:52pm

فٹبال ورلڈ کپ 2026 کا افتتاحی میچ نیو میکسیکو سٹی میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل کی میزبانی نیو جرسی کرے گا۔ 19 جولائی کے میچ کی میزبانی کے لیے نیو یارک کی بولی کو ڈیلاس کی طرف سے غیر معمولی مسابقت کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ 2026 کا فٹبال ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے۔ اس بار ٹورنامنٹ میں 48 ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں۔

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل نیو یارک، نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

فیفا کے صدر گایانی انفینٹینو نے بتایا ہے کہ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 11 جون کو میکسیکو سٹی کے ایزٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 16 جدید ترین اسٹیڈیمز میں 104 میچ کھیلے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔

اٹلانٹا اور ڈیلاس سیمی فائنلز کی میزبانی کریں گے جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ میامی میں کھیلا جائے گا۔

فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل لاس اینجلس، کینساس سٹی، میامی اور بوسٹن میں کھیلے جانے ہیں۔

1994 کا فیفا ورلڈ کپ بھی امریکا میں کھیلا گیا تھا اور فائنل کی میزبانی لاس اینجلس کے نزدیک پاساڈینا میں دی روز باؤل نے کی تھی۔

تب نیو یارک میں فیفا ورلڈ کپ کے میچ پرانے جاینٹس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے جسے بعد میں مسمار کرکے میٹ لائف اسٹیڈیم تعمیر کیا گیا تھا۔ اس کا افتتاح 2010 میں کیا گیا تھا۔

فیفا ورلڈ کے صدر نے شمالی امریکا میں ایک لائیو ٹی وی براڈ کاسٹ میں میچوں کے شیڈول کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سیلیبرٹی کم کردیشیان، ریپر ڈریک اور کامیڈین کیوِن ہارٹ بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں :

پاکستانی ہاکی ٹیم نے 1978 میں ارجنٹینا کو پہلا فٹبال ورلڈ کپ کیسے جتوایا

رونالڈو کے مجسمے نے بھارت میں نیا تنازع کھڑا کردیا

نیو یارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں 82 ہزار 500 تماشائیوں کی گنجائش ہے۔ یہ این ایف ایل کی نیو یارک جاینٹس اور نیو یارک جیٹس کا گھر ہے تاہم یہاں 2016 کے کوپا امریکا ٹورنامنٹ کے فائنل سمیت کئی بین الاقوامی میچ ہوچکے ہیں۔

فیفا نے ڈیلاس پر خاص نظرِ کرم کی ہے اور اسے 2026 کے ورلڈ کپ کے 9 میچوں کی میزبانی دی گئی ہے۔

نیو میکسیکو کا ایزٹیکا اسٹیڈیم 1970 اور 1986 کے ورلڈ کپ کے بعد 2026 کے ورلڈ کپ میں میزبانی کے ذریعے پہلا اسٹیڈیم ہوگا جس میں تین ورلڈ کپس کے میچ کھیلے گئے ہوں۔

ایزٹیکا اسٹیڈیم نے 1986 اور 1970 میں فائنل کی میزبانی کی تھی۔

2026 کے فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلوں کے دوران ہی امریکا کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ بھی منائی جائے گی۔ 4 جولائی کو امریکا کے یومِ آزادی کے موقع پر فلاڈیلفیا میں میچ رکھا گیا ہے۔ امریکا کے اعلانِ آزادی پر دستخط فلاڈیلفیا ہی میں کیے گئے تھے۔

اس ٹورنامنٹ میں امریکا اپنے مقابلوں کا آغاز 12 جون کو لاس اینجلس میں میچ سے کرے گا۔

کینیڈا کا پہلا میچ ٹورونٹو میں کھیلا جائے گا۔ وینکوور بھی قومی ٹیم کی میزبانی کرے گا۔

48 ٹیموں کو چار چار کے 12 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ فائنل تک پہنچنے والی ٹیم کو 9 میچ کھیلنا ہوں گے۔

فیفا کے صدر کا کہنا ہے کہ شیڈول اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ کسی بھی ٹیم کو زیادہ سفر نہ کرنا پڑے۔

mexico

canada

USA

FIFA world cup

new jersey

New York City