Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلاول بھٹو زرداری کی کراچی میں طویل ترین ریلی، کئی مقامات پر خطاب

جو مزہ کراچی میں ہے کہیں نہیں، شہر کی 20 سیٹیں ملیں تو وزیراعظم بن جاؤنگا بلاول
اپ ڈیٹ 06 فروری 2024 12:07am
PPP political rally in Karachi | Bilawal Bhutto Zardari address to rally - Aaj News

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جو مزہ کراچی میں ہے وہ کہیں اور نہیں ہے، شہر کی تمام سیٹیں پیپلز پارٹی کو دلوائیں تو یہاں کا نقشہ بدل دوں گا، کراچی کے عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر تمام قوتوں کو جواب دیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے پیر کو کراچی میں بھرپور انتخابی مہم چلائی اور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کی قیادت میں بلاول ہاؤس سے شروع ہونے والی ریلی کیماڑی ، لسبیلہ چوک سمیت شہر کے مختلف راستوں سے گزر کر یونیورسٹی روڈ پر پہنچی۔

ریلی کے دوران بلاول بھٹو نے مختلف مقامات پر ٹھہر کر کارکنوں سے خطاب کیا۔

پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے بھی اپنے قائد کا بھرپور استقبال کیا، پارٹی ترانوں پر رقص کیا اور بلاول کے حق میں نعرے لگائے۔

لسبیلہ چوک پر کارکنوں سے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ نوجوان قیادت ہی عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے، اکثر سیاستدان زائد عمر کے ہوچکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جو مزہ کراچی میں ہے وہ کہیں اور نہیں، باقی سیاسی جماعتیں شہر میں نفرت کی سیاست کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی کراچی کو مذہب تو کوئی لسانی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ن لیگ نے کراچی میں ابھی تک ایک جلسہ نہیں کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کی سب نے مذمت کی۔

لسبیلہ چوک سے قبل کیماڑی میں پیپلزپارٹی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی تو میرا اپنا شہر ہے، کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، میں کراچی کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، کراچی نے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’آپ لوگ کراچی کی 20 نشستیں پیپلز پارٹی کو دلوا دیں پھر ہم پانچ سال میں کراچی کا نقشہ بدل دیں گے، ہم وفاق میں اپنی حکومت بنا کر کراچی میں تاریخی کام کریں گے اور ہر جگہ شہر کی نمائندگی ویسے ہی ہوگی جیسے اس کا حق ہے‘۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مزہ کراچی میں آتا ہے کیونکہ یہ میرا اپنا شہر ہے، کراچی نے اپنا جیالا میئر منتخب کیا، کراچی کی تمام سیٹیں پیپلز پارٹی کو دلوائیں تو یہاں کا نقشہ بدل دوں گا، آپ مجھے ووٹ دیں گے تو وفاق میں بھی حکومت حاصل کرسکوں گا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ ہر کوئی اپنا چورن بیچ رہا ہے، ہم اپنے کراچی کے مینڈیٹ کا تحفظ کریں گے، کراچی نے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا حصہ ہے، اب ہمیں کراچی کی ترقی کا بندوبست کرنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر تمام قوتوں کو جواب دیں، قائد عوام نے کہا تھا کہ نا تیرا نا میرا یہ سب کا کراچی ہے۔

بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی کی انتخابی ریلی کا آغاز

اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی کی انتخابی ریلی کا آغاز ہوگیا۔

بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی ریلی شیریں جناح کالونی پہنچے گی، جس کے بعد ریلی کیماڑی اور ٹاور سے گزر کر لی مارکیٹ پہنچے گی۔

ریلی چاکیواڑہ، شیرشاہ، سائٹ، پاک کالونی سے ہوتی ہوئی پرانا گولیمار جائے گی، اس کے بعد ریلی نشتر روڈ، لسبیلہ، گلبہار سے ہوتی ہوئی رضویہ چورنگی پہنچے گی، جس کے بعد ریلی ناظم آباد، پیٹرول پمپ، لیاقت آباد 10 نمبر کے راستے سے حسن اسکوائر جائے گی۔

پیپلز پارٹی کی ریلی یونیورسٹی روڈ سے ہوتے ہوئے صفورا اور ملیرکینٹ جائے گی، جس کے بعد ملیر کالا بورڈ سے ہوتے ہوئے داؤد چورنگی پر ریلی کا اختتام ہوگا۔

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کنٹینر پر موجود ہیں، وہ ریلی کے مختلف مقامات پر خطاب کریں گے۔

رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان

دوسری جانب کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ ریلی 7 اضلاع میں جائے گی، اب یہ شہر ہمارے ہاتھ میں ہے، ہمارے میئر کو اب 6 ماہ ہوئے ہیں، کراچی ایک میگا سٹی ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ پہلی مرتبہ ساری حکومتیں ہماری ہوں گی، بلاول بھٹو کہتے ہیں کراچی میں لینڈ کرتا ہوں تو سکون ملتا ہے، پیپلز پارٹی ہر وہ کام کرے گی جو وہ کرسکتی ہے، اس وقت لوگوں کو جو مسائل ہیں،وہ ہمارے لیے اہم ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کہتے ہیں انتقام کی سیاست نہیں کریں گے، اس وقت لوگوں کے مسائل ہیں،ان کو حل کریں گے۔

Bilawal Bhutto

karachi

PPP

Bilawal Bhutto Zardari

Sherry Rehman

Pakistan People's Party (PPP)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

ppp rally