Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

بلوچستان ، کراچی اور ایبٹ آباد میں بم دھماکے اور فائرنگ، ایک جاں بحق، 7 زخمی

سندھ الیکشن آفس کے قریب دھماکے کے لئے بارودی مواد تھیلی میں رکھا گیا تھا، ایس ایس پی ساؤتھ
کراچی : الیکشن کمیشن سندھ کے آفس کے قریب دھماکا۔ تصویر بذریعہ سعد الرحمان
کراچی : الیکشن کمیشن سندھ کے آفس کے قریب دھماکا۔ تصویر بذریعہ سعد الرحمان

کراچی میں الیکشن کمیشن سندھ کے آفس کے قریب دھماکا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی دستی بم حملے اور فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ بلوچستان میں بم دھماکوں سمیت دہشت گردی کے سات واقعات ہوئے جن میں کم سے کم سات افراد زخمی ہوئے۔ ایبٹ آباد میں چیئرمین نیبر ہڈکونسل ملک پورہ عمران کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

کراچی میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ابتدائی طور پر ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ صوبائی الیکشن آفس کے قریب دھماکے کے لئے بارودی مواد تھیلی میں رکھا گیا تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایس ایس پی ساجد سدوزئی کے مطابق گاڑی صاف کرنیوالے نوجوان نے شاپر (تھیلی) دیکھا اور اٹھا کرفٹ پاتھ پر رکھ دیا اور تھوڑی دیر بعد دھماکا ہو گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ خوف وہراس پھیلانےکی سازش لگتا ہے۔

ساجد سدوزئی نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن سندھ کے آفس کے قریب دھماکے کے علاوہ بھی آج ملک میں فائرنگ اور دستی بم حملوں کے واقعات ہوئے ہیں۔

بلوچستان میں بم دھماکوں سمیت دہشت گردی کے سات واقعات

بلوچستان میں جمعہ کو بھی انتخابی مہم اور امیدوار دہشت گردوں کے نشانے پر رہے بم دھماکوں سمیت دہشت گردی کے سات واقعات ہوئے جن میں کم سے کم سات افراد زخمی ہوئے جبکہ دو بموں کو ناکارہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ میں تین دنوں میں چھ بم دھماکوں  کے بعد موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔

محکمہ داخلہ بلوچستان ذرائع کے مطابق پابندی پانچ فروری تک برقرار رہے گی تاہم خواتین، بچے اور بزرگ شہری اس پابندی سے مستثنٰی ہوں گے۔

کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر شیر جان اسٹاپ کے قریب صبح اور شام کو دو دھماکے ہوئے جس میں آزاد انتخابی امیدوار کے دفتر پر دستی بم حملے میں چار افراد زخمی ہوئے۔

ڈیرہ بگٹی کے علاقے پٹ فیڈر میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں متعدد مال مویشی ہلاک ہوئے۔

پنجگور تربت خاران نوشکی میں اہم سیاسی شخصیات و انتخابی امیدواروں کے گھروں، انتخابی مہم اور دفاتر پر دستی بموں سے حملے کئے گئے۔

مند میں آزاد امیدوار فدا حکیم کے قافلے پر فائرنگ کی گئی جس کے باعث قافلے میں شامل تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

نوشکی میں پولیس تھانے پر دستی بم حملہ کیا گیا۔ جیونی میں سرکاری اسکول پر دستی بم حملے میں چھت کو نقصان پہنچا۔

قلات میں بھی انتخابی دفتر کو دستی بم سے نشانہ بنایا گیا جبکہ بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکورٹی فورسز نے دو خطرناک بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دئیے۔

بلدیاتی نمائندہ قتل

ایبٹ آباد میں چیئرمین نیبر ہڈکونسل ملک پورہ عمران کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

قتل کا واقعہ انکی رہائشگاہ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے انکی رہاشگاہ کے باہر گلی میں فائرنگ کی۔

ذرائع کے مطابق مقتول چیئرمین نے آج پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

ہوائی فائرنگ ، لڑائی جھگڑے اور انتخابی عمل کو سبوتاژ پر بلا تفریق کارروائی ہوگی، آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ویڈیو بیان میں کہا کہ الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ بیلٹ پیپرز، پولنگ میٹریل کی ترسیل، ووٹنگ سمیت الیکشن کے تمام عمل کو شفاف بنائیں گے۔

ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکار الیکشن سکیورٹی پر تعینات ہونگے، صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 49 ہزار 956 پولنگ اسٹیشنز ہیں، 5577 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جب کہ 14056 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونگے، سکیورٹی ایجنسیز، آرمڈ فورسز ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، ڈولفن سکواڈ، ایلیٹ، کیو آر ایف فورس، ایس ایچ اوز کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود ہونگی۔

karachi

Crime

Karachi Police

Election Commission of Pakistan (ECP)

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024