Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان، بشری بی بی اور خاور مانیکا کے درمیان عدالت میں تلخ کلامی

غیرشرعی نکاح کیس میں 3 گواہان کے بیانات قلمبند، ساڑھے 10 گھنٹے تک جاری رہنے والی سماعت کل تک ملتوی
شائع 01 فروری 2024 10:19pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں غیرشرعی نکاح کیس میں 3 گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے جبکہ دوران سماعت پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا کے مابین تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد ساڑھے 10 گھنٹے تک جاری رہنے والی طویل سماعت کل صبح تک ملتوی کردی گئی۔

سینئر سول جج اسلام آباد قدرت اللہ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف اڈیالہ جیل میں غیرشرعی نکاح کیس کی سماعت کی۔

3 گواہان کے بیانات قلمبند

سماعت کے دوران 3 گواہان کے بیانات قلمبند کر لیے گئے، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے عون چوہدری اور خاور فرید مانیکا کے بیانات پر جرح بھی مکمل کرلی جبکہ 2 گواہان مفتی سعید اور لطیف کے بیانات پر کل جرح مکمل کی جائے گی۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ کل گواہان کے بیانات پر جرح کا آغاز کریں گے، گواہان میں مفتی سعید، عون چوہدری، خاورمانیکا اور محمد لطیف شامل ہیں۔

عمران خان، بشریٰ بی بی اور خاورمانیکا کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان، بشریٰ بی بی اور خاورمانیکا کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل بھی دوران جرح خاورمانیکا سے لڑپڑے، وکیل عثمان گل نے خاور مانیکا کو مکا مارنے کی کوشش کی۔

دوران سماعت سابق وزیراعظم عمران خان نےعدالت سے استدعا کی میں اور بشریٰ بی بی قرآن پاک پر حلف لینے کے لیے تیار ہیں، خاورمانیکا بھی حلف لے۔

عمران خان کا جج قدرت اللہ سے مکالمہ

عمران خان نے جج قدرت اللہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کو نکاح کے دن دیکھا ہے، قرآن لائیں میں ہاتھ رکھ کر حلف دینے کو تیار کو ہوں۔

خاور مانیکا نے عمران خان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ تم جھوٹ بول رہے ہو، خدا سے ڈرو میرا گھر تم نے برباد کیا۔

سماعت کے دوران سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت سے قرآن پاک پر حلف لینے کی ضد کی۔

عدالت نے عمران خان سے کہا کہ حلف لینے کے بعد آپ کا حقِ جرح ختم ہوجائے گا۔

عدالت نے آرڈر لکھوایا کہ قرآن پاک پر حلف لینے کے ملزمان کا حق جرح ختم ہوگا، جس پر عمران خان حلف لینے سے مکر گئے اور کہا کہ ہم حلف بھی لیں گے جرح بھی کریں گے۔

اس پر جج نے کہا کہ آپ جرح نہیں کرسکتے، آپ نے گواہ سے حلف لینے کی آفر کی ہے۔

بعدازاں عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس کی ساڑھے 10 گھنٹے تک جاری رہنے والی طویل سماعت کل صبح تک ملتوی کردی۔

عمران خان، بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ملتوی

دوسری جانب اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

احتساب عدالت اسلام اباد کے جج محمد بشیر کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔

وکلاء صفائی کی درخواست پر انکوائری رپورٹ کی نقول انہیں فراہم کر دی گئیں۔

rawalpindi

imran khan

bushra bibi

Nikah Case

Adiyala Jail

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Adyala Jail

khawar manika

Iddat Nikah Case