Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

گرفتار ملزم نے واش روم جانے کا بہانا بنا کر پولیس اہلکار کو قتل کردیا

سرکاری اسلحہ سے فائرنگ کرنے کے بعد ملزم فرار ہوگیا
شائع 30 جنوری 2024 08:19pm
فوٹو ۔۔ اے ایف پی
فوٹو ۔۔ اے ایف پی

پشاور میں بڈھ بیر پولیس چوکی سیفین میں ملزم نے پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس چوکی سیفن میں زیر حراست ملزم واش روم جانے کے بہانے حوالات سے باہر نکلا اور محرر کے کمرے سے رائفل لیکر فائرنگ کردی۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں چوکی میں موجود پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

اس حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔

واقعہ کے بعد پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچی، اور ملزم کی تلاش کےلئے سرچ آپریشن شروع کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پشاور میں سرکاری افسر کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق پشاور کے عشرت سنیما چوک پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے افسر کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی۔

پولیس نے بتایا تھا کہ ہمایوں اپنے ڈرائیور کے ہمراہ گاڑی میں ڈیوٹی کیلئے جا رہے تھے کہ گاڑی پر فائرنگ ہوئی اور وہ زخمی ہوگئے۔

بعدازاں، سرکاری افسر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

گزشتہ دنوں ہی دوسرے واقعے میں پشاور کے تھانہ داود زئی کے علاقے گلبیلہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

ایس پی ظفر نے بتایا تھا کہ شہید کانسٹیبل کامران اپنے بچوں کو اسکول وین تک چھوٹے آیا تھا کہ اس پر فائرنگ کردی گئی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور پیدل کھیتوں میں فرار ہوگئے تھے۔

خیبر پختونخوا

KP Law and Order Situation

KPK People