Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر پاکستان کو دوبارہ بدل کر دکھائے گی، آصف زرداری

اسلام آباد میں بیٹھے لوگ کہوٹہ کے حالات سے بے خبر ہیں، سابق صدر
شائع 30 جنوری 2024 06:48pm

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک مشکل حالات سے دوچار ہے لیکن ہم اقتدار میں آکر ملک کو مشکل حالات سے نکال لیں گے، اسلام آباد میں بیٹھے لوگ کہوٹہ کے حالات سے بے خبر ہیں، پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر پاکستان کو دوبارہ بدل کر دکھائے گی۔

کہوٹہ راولپنڈی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ عوام کا جوش ولولہ دیکھ کربہت خوشی ہوئی، کہوٹہ کا راستہ خراب ہے، ہمیں پتہ ہے کہ ملک کے مسائل کیسے حل کرنے ہیں، جب ہماری کی حکومت بنی تو سب سے پہلے کہوٹہ میں راستہ بنائیں گے، وہاں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی بھی بنائی جائے گی، ہم ملک کومشکل حالات سے نکالنا جانتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ ہم پاکستان کو دوبارہ بدل کر دکھائیں گے، ہمیں اقتدار ملنے کے بعد سب کچھ عوام کی خواہش کے مطابق ہوگا، ہم یہاں پر اسپتال بنائیں گے تاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آئیں۔

سابق صدر مملکت نے کہاکہ ہم کہوٹہ میں لوگوں کو گیس کی سہولت دیں گے تاکہ جنگلات کی کٹائی کا سلسلسہ رک سکے۔

آصفہ بھٹو کا بدین کا دورا، جیالوں سے مختصر خطاب

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے آج بدین کا دورا کیا اور شاہنواز چوک پر جیالوں سے مختصر خطاب کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمیشرہ آصفہ بھٹو زرداری الیکشن مہم کے سلسلے میں بدین پہنچیں اور ریلی کی صورت میں شاہنواز چوک پہنچ کر جیالوں سے مختصر خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی غریب مزدور کے تحفظ کو ایمان سمجھتی ہے غریب عوام کے لیے این آئی سی وی ڈی بنائی، بچوں کے علاج کے لیئے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن بنائے۔

آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ ہماری خوشی اور غم میں آپ ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور اب بھی آپ ویسے ہی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہمیں ووٹ دے کر۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ پانچ سال میں آپ کی تنخواہ دوگنی کردیں گے، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ہم تیس لاکھ گھر بنائیں گے، کچی آبادی کو پکا کریں گے انہیں مالکانا حقوق دیں گے۔

آصفہ بھٹو نے عوام سے وعدہ لیتے ہوئے کہا کہ آپ وعدہ کریں کہ 8 فروری کو ہمیں ووٹ دے کر کامیاب کریں، آصفہ نے نعرہ بھی لگایا کہ جی ڈی اے جی ڈی اے نہیں چلے گا اب تیر چلے گا۔

مختصر تقریب کے بعد آصفہ بھٹو زرداری ریلی کی صورت میں گشت کرتی ہوئی حیدرآباد کے لیے روانا ہوگئیں۔

واضح رہے کہ ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم عروج پر ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتیں انتخابی مہم چلا رہی ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے سابق صدر مملکت آصف زرداری اور بلاول بھٹو سمیت آصفہ بھٹو بھی انتخابی مہم کے لیے میدان میں موجود ہیں۔

آصف زرداری نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انتخابات کے دوران ایک دوسرے پر تنقید جائز ہے، بلاول بھٹو نواز مخالف ووٹ کو اپنی طرف کھینچنے کی کوشش کر رہا ہے۔

Bilawal Bhutto

Asif Ali Zardari

asifa bhutto

Bilawal Bhutto Zardari

Asif Zardari

Kahuta

Pakistan People's Party (PPP)

pakistan peoples party parliamentarians

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

pppp

Election Jan 30 2024