Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’کچھ ہوا تو ذمہ دار رابعہ انعم ہوں گی‘ ، اشفاق ستی کا موقف سامنے آگیا

معطلی کے بعد اینکر پرسن نے ویڈیو پیغام جاری کردیا
اپ ڈیٹ 30 جنوری 2024 04:10pm
اسکرین گیرب: اشفاق اسحٰق ستی/انسٹاگرام
اسکرین گیرب: اشفاق اسحٰق ستی/انسٹاگرام

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے اینکر پرسن اشفاق اسحق ستی نے اہلیہ کی جانب سے عائد کیے جانے والے گھریلو تشدد کے الزامات پر اپنا موقف واضح کیا ہے۔

اشفاق اسحٰق ستی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

گفتگو کے آغازمیں اینکر پرسن نے کہا کہ ’میں 17 سال بعد اپنی محنت اور مستقل مزاجی سے اس مقام پر پہنچا تھا، اس دوران آپ لوگوں کی جانب سے دی گئی محبت کا میں شکر گزار ہوں‘۔

اشفاق اسحٰق ستی نے اپنی دوسری اہلیہ نومیکا طاہر محمود سے تنازعے سے متعلق کہا کہ ’کسی بھی معاملے پر مؤقف ہونا بہت ضروری ہے، ہرکہانی کے دورخ ہوتے ہیں۔ میرا میری اہلیہ کے ساتھ جھگڑا ہمارا نجی معاملہ تھا۔ ہر گھر میں میاں بیوی کا جھگڑا ہوتا ہے۔ اس معاملے کو بڑھاوا دے کر میری کردار کشی کی جارہی ہے‘۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں کے تبصروں پر مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ’ایک شخص جو آج تک شریف تھا، اس کو اچانک درندہ بنادیا گیا ہے۔ میری ذاتی زندگی کو جگہ جگہ اچھالا جارہا ہے۔ ان معاملات پر بات کی جارہی ہے جس کو کوئی نہیں جانتا ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا اور میری اہلیہ نومیکا کے ساتھ جو بھی معاملہ ہے پولیس اس کی تفتیش کر رہی ہے۔ لیکن کسی کا بھی میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہئے۔ ایک جانب جب عدالتیں موجود ہیں تو میڈیا کی عدالتوں کی ضرورت نہیں ہے۔‘

اپنی تیسری اہلیہ سے متعلق افواہوں پر ان کا کہنا تھا کہ ’میرے اور میری تیسری اہلیہ زارا انصاری کے رشتے پر آواز اٹھائی جارہی ہے۔ ہماری شادی کو 3 سال ہوگئے ہیں اور ہمارا ایک پونے 2 سال کا بیٹا بھی ہے۔ زارا کو میری پچھلی شادیوں اور بچوں سے متعلق سب کچھ معلوم ہے‘۔

دوسری اہلیہ نومیکا کی جانب سے لگائے گئے تشدد کے الزامات پر اشفاق اسحٰق ستی نے کہا کہ ’میں نے نومیکا کو زیادہ فوقیت دی کیونکہ وہ میرے بچوں کے ساتھ رہ رہی تھیں، لیکن چھوٹے چھوٹے معاملے پر جھگڑا کرنا، بار بار اس بات کا تقاضہ کرنا کہ میں اپنی تیسری بیوی کو طلاق دے دوں، کسی صورت درست نہیں ہے‘۔

انہوں نے تنقید کرنے والوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’ہماری ملک کی عدالتیں اس معاملے کو دیکھ لیں گی اور ہماری ملک کی عدالتوں سے مجھے انصاف کی امید ہے۔‘

مقبول اینکر رابعہ انعم کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’دوسری جانب رابعہ انعم صاحبہ مجھے جس طرح ذاتی طور پر تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں، میں ان سے یہ کہنا چاہوں گا کہ آپ میری کولیگ تھیں۔ آپ کے ساتھ میرا احترام کا رشتہ تھا۔ انہوں نے اس سارے معاملے میں کسی کال یا میسج کے ذریعے میرا مؤقف جاننے کی کوشش نہیں کی اور رابعہ کے کہے گئے الفاظ کی وجہ سے میں اس وقت ذہنی اذیت میں ہوں‘۔

اشفاق اسحٰق ستی نے کہا کہ ’مجھے، میری بیوی اور میرے بچوں کو دھمکی آمیز کالز آرہی ہیں۔ اگر مجھے یا میری فیملی کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار رابعہ آپ ہوں گی۔

اشفاق اسحٰق ستی پر ان کی دوسری اہلیہ نومیکا نے بدترین تشدد اور جان سے مارنے کی کوشش جیسے الزامات عائد کیے تھے۔

چینل انتظامیہ نے ان الزامات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کو نوکری سے برطرف کردیا تھا۔

Instagram

Wife

lifestyle

ARY News

Rabia Anum

Domestic Abuse

news anchor

Video Record

ASHFAQ ISHAQ SATTI

Nomaika

Zara Ansar