Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کیلئے اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار

انتخابات کی تیاریاں تکمیل کے مراحل میں، پریزائیڈنگ افسران کو خصوصی ہدایات جاری
شائع 29 جنوری 2024 06:56pm

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات کے لیے اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کردیا جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی 2 فروری تک مکمل ہوجائے گی، چاروں صوبوں میں بیلٹ پیپرزکی ترسیل کا عمل شروع کردیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عام انتخابات 2024 کی تیاریوں سے متعلق جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کمیشن کو انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ بجٹ ونگ نے اب تک کے اخراجات اور اکاؤنٹس میں موجودہ رقم کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس کے علاوہ الیکشن ونگ نے بیلیٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

دوران اجلاس ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اب تک 60 فیصد سے زائد حلقوں کے بیلیٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہو چکی ہے، کئی اضلاع میں بیلیٹ پیپرز کی ترسیل کی جا چکی ہے۔

الیکشن کمیشن نے اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام مراحل بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس کوبریفنگ میں بتایا گیا اب تک 9 لاکھ 76 ہزار پولنگ عملے میں سے 9 لاکھ 70 ہزار کی تربیت مکمل ہوچکی ہے جبکہ بقیہ عملے کی تربیت اگلے 4 دن میں مکمل ہوجائے گی۔

الیکشن کمیشن نے کراچی میں 2 سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم، فائرنگ اور صوابی میں پوسٹل بیلٹ پیپرز چھینے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹریز اورآئی جیز سے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی۔

الیکشن کمیشن نے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اور قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی۔

انتخابات کی تیاریاں تکمیل کے مراحل میں، پریزائیڈنگ افسران کو خصوصی ہدایات جاری

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 میں خدمات سرانجام دینے والے پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولنگ شروع ہونے سے 2 گھنٹے قبل اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر پہنچ جائیں۔

کمیشن کی جانب سے یہ خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ بیلٹ پیپرز کائونٹر فائل پر تمام اطلاعات کا اندراج کریں، اس کے ساتھ ساتھ مرد ووٹروں کا بائیں اور خواتین کا دائیں انگوٹھا بیلٹ پیپرز کی کائونٹر فائل پر لگوائیں اور بیلٹ پیپرز کے پیچھے آفیشل مہر لگائیں۔

تیاریاں تکمیل کی جانب رواں دواں

الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں تکمیل کے مرحلے کی جانب بڑھ رہی ہیں اور بیلٹ پیپر کی چھپائی کے علاوہ دیگر کام تسلی بخش طریقے سے جاری ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپر کی چھپائی 3 سرکاری پریس اداروں میں تسلی بخش طور پر جاری ہے اور یہ کام جو آر اوز کی جانب سے انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کے بعد 16 جنوری سے شروع ہوا تھا 2 فروری تک مکمل ہو جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی اداروں، آر اوز اور ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن کی مدد سے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام چاروں صوبوں کے لیے شروع ہو چکا ہے اور یہ بذریعہ زمینی و ہوائی دونوں راستوں کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں آج 29 جنوری 2024 سے 8300 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے عوام الناس کو دیگر معلومات کے علاوہ اپنے پولنگ سٹیشن کی معلومات حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

ووٹرز متعلقہ پولنگ اسٹیشن کی معلومات کیسے حاصل کریں؟

ترجمان نے بتایا کہ ووٹرز کو اپنے ووٹ کی معلومات حاصل کرنے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر (بذریعہ ایس ایم ایس) بھیجنا ہو گا۔ تمام ووٹرز سے درخواست ہے کہ وہ اپنے اورگھر والوں کے ووٹ کی تفصیلات بروقت حاصل کر لیں تاکہ پولنگ اسٹیشن میں انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے اب تک 9 لاکھ 76 ہزار درکار پولنگ عملے میں سے 9 لاکھ 70 ہزار اہلکاروں کی تربیت مکمل کر لی ہے جو کہ کل درکار تعداد کا 96 فیصد بنتی ہے۔ بقیہ 6 ہزار پولنگ عملے کی تربیت اگلے 4 دنوں میں مکمل ہو جائے گی۔ ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں 2 سیاسی پارٹیوں کے درمیان جھنڈا لگانے پر تصادم و فائرنگ اور ضلع صوابی میں پوسٹل بیلٹ چھینے جانے کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے متعلقہ چیف سیکریٹری اور آئی جیز سے رپورٹس طلب کی ہیں تاکہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف الیکشن قوانین کے تحت بھی کارروائی کی جا سکے۔

ECP

اسلام آباد

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

ballot papers

postal ballot paper

Election Jan 29 2024